سرنوپلوامہ میں فورسز اور مظاہرین آمنے سامنے ، سنگباری، شلنگ،پیلٹ فائرنگ

پلوامہ//جنو بی کشمیر میں پلوامہ قصبہ کے مضافات میں سرنو گائوں میں جنگجو مخالف آپریشن کے دوران شدید جھڑپیں ہوئیں جس کے دورانایک معمرخاتون اور بزرگ سمیت 3افرادزخمی ہوگئے۔جبکہ فورسز نے بڑے پیمانے پر املاک کو نقصان پہنچایا۔ فوج اورپولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے کار محلہ سرنو پلوامہ کا بعد دوپہر2بجے محاصرہ کرکے یہاں تلاشی کارروائی شروع کی ۔اس دوران نوجوان اور خواتین گھروں سے باہرآئے اورانہوں نے احتجاجی مظاہرے شروع کئے جبکہ سنگباری بھی کی گئی۔فورسز نے سنگباری کرنے والے نوجوانوں کومنتشرکرنے کیلئے آنسوگیس کے گولے داغے لیکن اسکے باوجود جھڑپیں جاری رہیں۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ فورسزاہلکاروں نے شلنگ کے بعد پیلٹ فائرنگ بھی کی ،جسکے نتیجے میں کئی افرادزخمی ہوگئے جن میں سے ایک معمرخاتون اورایک نوجوان کوپلومہ اسپتال منتقل کیاگیا۔مقامی لوگوں کے بقول کچھ شہریوں کے زخمی ہوجانے کے بعدعلاقہ میں ٹکرائوکی صورتحال مزیدبڑھ گئی اوربڑی تعدادمیں لوگ احتجاجی مظاہرے میں شامل ہوگئے۔ پیلٹ لگنے سے زخمی 65سالہ خاتون ساجہ بیگم زوجہ محمد احسن اورایک نوجوان کوڈسٹرکٹ اسپتال پلوامہ اور بعد میں سری نگرمنتقل کیاگیا۔ساجہ بیگم کی آنکھوں اور چھاتی میں پیلٹ لگے ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ فورسز اہلکاروں نے ایک عمر رسیدہ شخص کر پکڑ کر اسکی ٹانگ توڑ ڈالی اور بعد میں مکانوں میں گھس کر املاک کی بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ کی۔ علاقے میں کئی گھنٹوں تک قیات صغریٰ بپا رہی اور شام 7بجے کے بعد محاصرہ اٹھایا گیا۔