سردی کی شدت کے بعد پہلی بار کھل کر دھوپ کھلی

سرینگر // گذشتہ کئی ہفتوں سے لگاتار شدید سردی کے لپیٹ میں رہنے کے بعد شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت میں تیسری رات بھی بہتری دیکھی گئی اور کم سے کم درجہ حرارت 0.3 ڈگری سیلسیش ریکارڈ کیا گیاجبکہ سیاحتی مقام گلمرگ اور پہلگام میں درجہ حرارت مسلسل نقطہ انجماد سے نیچے درج کیا گیا اور وہاںشدید سردی کی لہر جاری ہے ۔ رات کے دوران مطلع ابرآلود رہنے کی وجہ سے وادی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت میں بہتری ریکارڈ کی گئی۔سنیچر کو دن میں دھوپ کھلنے کے نتیجے میں لوگوںنے قدر ے راحت کی سانس لی۔لوگ مکانوں کے بر آمدوں اور صحنوں میں نکل کر دھوپ کا مزہ لیتے رہے۔جبکہ رات کے دوران برف بھی نہیں جمی تھی۔محکمہ موسمیات کے مطابق گرمائی دارالحکومت سرینگر میں مسلسل تیسرے روز بھی کم سے کم درجہ حرارت 0.3 ڈگری سیلسیش ریکارڈ کیا گیا۔معلوم رہے کہ رواں سیزن کے دوران سرینگر میں 14 جنوری کو سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.4 ڈگری ریکارڈ ہوا تھا اور سردیوں کا 29 سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔ 31جنوری کوسرینگرمیں پارہ نقطہ انجمادسے 8.8ڈگری سیلسیش تک گرگیا،اور30 سال بعد سردترین رات درج ہوئی تھی۔ اس درجہ حرارت کے نتیجے میں شہر سمیت وادی بھر میں نل جم چکے تھے، جبکہ سڑکوں پر جمع برف کے نتیجے میں پھسلن پیدا ہوئی تھی اس کے علاوہ آبی زخائر بھی مجمند ہوئے تھے ،تاہم درجہ حرارت میں بہتری کے بعد نلوں سے پانی آنا شروع ہوا ہے، سڑکوں پر کسی حد تک برف بھی پگل رہی ہے اور جھیل ڈل سمیت منجمد ہوئے آبی ذخائر کے پگلنے کاسلسلہ جاری ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں جمعہ اورسنیچر کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 10.4 ڈگری سیلسیش جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاح مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.3 ڈگری سیلسیش ریکارڈ ہوا ۔کپوارہ میں رات کا درجہ حرارت منفی1.8 ڈگری سیلسیش جبکہ قاضی گنڈ میں منفی 3.2 ڈگری سلیش اور کوکرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔اس دوران محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ کچھ روز تک وادی میں موسم خشک رہے گا ۔