سردی کی جارحیت جاری: منجمد جھیل ڈل پر چلنے سے لوگ احتراز کریں:ڈی سی سرینگر

سرینگر//ڈپٹی کمشنر سرینگر نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ منجمد ہوئے جھیل ڈل پر چلنے اور اس پر کھیلنے سے پرہیز کریں ۔ وادی کشمیر اور خطہ لداخ میں سردی کا زور برابر قائم و دائم ہے اور پارہ مسلسل نقطہ انجماد سے گرجانے کے باعث جھیل ڈل سمیت وادی کی تمام آبگاہوں کی اوپری سطح منجمد پائی جاتی ہے ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگرڈاکٹر سید عابد رشید شاہ نے اپنے ایک ٹویٹ کے ذریعہ لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جھیل ڈل کی منجمد سطح پر کھیلنے یا چلنے پھرنے سے احتراز کریں کیونکہ ایسا کرنا جا ن لیوا ثابت ہوسکتا ہے ۔گذشتہ کئی دنوں سے سرینگر میںپارہ مسلسل نقطہ انجمادسے نیچے رہا جس کے باعث جھیل ڈل کے کنارے اور اندرون علاقوں میں پانی جم گیا ہے ۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ریاست میں یکم جنوری 2019 کو کہیں کہیں بارش یا برف باری ہوسکتی ہے ۔