سرحدی گائوں چھجلہ میں ’زندہ بموں‘کی موجودگی سے عوام خوفزدہ

مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھرمیں حدمتارکہ کے قریب واقع چھجلہ گائوں کے لوگوں میں گائوں میں زندہ مارٹرگولے پڑے ہونے کی وجہ سے انہیں اپنی جان ہتھیلی پررکھنی پڑرہی ہے اوریہ زندہ مارٹرشیل لوگوں کیلئے وبال جان بنے ہوئے ہیں ۔اس سلسلے میں مقامی لوگوں کاکہناہے کہ گائوں میں زندہ شیل (گولے )ہمارے لیے موت کاسامان اورجال ہیں جنھیں فوری طورپرتباہ کرنے کیلئے انتظامیہ کواقدامات اٹھانے چاہئیں۔اس سلسلے میں پاتری چھجلہ گائوں کے محمدعظیف کاکہناہے کہ ہمارے گھرکے کچھ ہی فٹ دوری پرایک زندہ شیل پچھلے پانچ دنوں سے پڑاہواہے جس کی وجہ سے ہماراکنبہ موت کے جھنجھال میں پھنس کررہ گیاہے۔انہوں نے کہاکہ گھروالوں کاباہرنکلنامشکل ہوگیاہے ۔انہوں نے کہاکہ یہاں پر220 ایم ایم کامارٹرپڑاہواہے جوبڑی تباہی کرسکتاہے ۔ایک دیگرمقامی شخص محمدجاویدنے کہاکہ علاقہ میں تین چار زندہ بم بھی پڑے ہوئے ہیں جنھیں انسانی جانوں کوتحفظ فراہم کرنے کیلئے فوری طورپرناکارہ بنایاجاناچاہیئے۔انہوں نے کہاکہ یہاں پرکئی دنوں سے زندہ بم پڑے ہوئے ہیں کیونکہ یہاں پراکثر ہندپاک افواج کے درمیان گولہ باری کاتبادلہ ہوتارہتاہے۔اس سلسلے میں پولیس اہلکارنے نے بتایاکہ اتواردوپہرکوزندہ بم گائوں میں دیکھنے کی اطلاع ملی ہے اورجس کے بعدبم ناکارہ بنانے کیلئے ٹیموں کوروانہ کیاگیاہے تاکہ کسی انسانی جان کانقصان نہ ہو۔اس بارے میں تحصیلدارمینڈھرروی شنکرنے بتایاکہ فوج کے اعلیٰ حکام سے ہماری بات ہوئی ہے اورہمیں فوج نے یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ بہت جلد ان زندہ بموں کوناکارہ بنادیاجائے گا۔