سرحدی کشیدگی: لوگ حالات کے رحم وکرم پر، کیمپوں میں سہولیات دستیاب نہیں:میر

سرینگر//سرحدی علاقوں میں جان ومال کے زیاں پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے پردیش کانگریس کے صدرجی اے میرنے کہاکہ ریاستی سرکارنقل مکانی کرنے والوں کیلئے کیمپوں میں سہولیات بہم رکھنے میں ناکام ہے۔موصولہ بیان کے مطابق میرکی قیادت میں پارٹی کے سینئرلیڈروں پرمشتمل ایک وفدنے گولی باری اورشلنگ سے متاثرہ کئی سرحدی علاقوں اورنقل مکانی پرمجبورلوگوں کیلئے قائم کیمپوں کادورہ کیا۔وفدمیں نوانگ ریگزن جورا،شیام لعل شرما،مولارام ،رمن بھلا،بلون سنگھ ،شبیراحمدخان اورشاہ محمدچودھری سمیت کئی لیڈران شامل تھے ۔دورے کے دوران کانگریس وفدنے فائرنگ اورشلنگ کے نتیجے میں سرحدی آبادی کی املاک کوپہنچے نقصانات کاجائزہ لیا۔اس دوران کئی کیمپوں اورسرحدی علاقوں کادورہ کرنے کے دوران کانگریس صدرنے شہریوں کے جان ومال کوپہنچے بھاری نقصانات پرسخت دکھ اورافسوس کااظہارکیا۔انہوںنے ریاستی سرکارپرسرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کوحالات کے رحم وکرم پرچھوڑنے کاالزام عائدکرتے ہوئے کہاکہ جن کنبوں کومشکل ترین وقت میں گھربارچھوڑناپڑاہے ،اُن کیلئے ہنگامی طورقائم کئے گئے کیمپوں میں لازمی سہولیات بہم نہیں رکھی جارہی ہیں۔