سرحدی کشیدگی باعث تشویش: فوجی مبصراپنا رول ادا کرے :مولانا طاری

سرینگر//بھارت اور پاکستان کی افواج کے مابین تازہ سرحدی کشیدگی اور اس کے نتیجے میں مزید ہلاکتوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے بھارت اور پاکستان میں تعینات اقوام متحدہ کے فوجی مبصر پر زور دیا ہے کہ وہ دو نیوکلیائی ممالک کے درمیان سرحدی جنگ بندی کو یقینی بنائے کیونکہ اُس کی تعیناتی اسی مقصد کیلئے عمل میں لائی گئی ہے۔فریڈم پارٹی کے سیکریٹری جنرل مولانا محمد عبد اللہ طاری نے اپنے ایک بیان میں لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد کے نزدیک رہنے والے شہریوں کی حالت زار پر فکر و تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان مسلسل کشیدگی کی وجہ سے ان لوگوں کی زندگیاں اجیرن بن گئی ہیں۔انہوں نے ایک بار اس بات کی وضاحت کی کہ برصغیر کے دو اہم ممالک کے درمیان دہائیوں سے جاری کشیدگی کی بنیادی وجہ کشمیر تنازع ہے۔ایک بار یہ مسئلہ یہاں کے لوگوں کی مرضی کے مطابق حل ہوجائے تو بھارت اور پاکستان کے مابین کشیدگی کی کوئی وجہ موجود نہیں رہے گی اور سرحدوں کے نزدیک رہنے والے لوگوں کی زندگیاں بھی ہمیشہ کیلئے محفوظ ہوجائیں گی۔