پونچھ//ضلع پونچھ کے دور دراز گائوں شاہپور لور کا گورنمنٹ پرائمری اسکول دپریاں خستہ حالی کا شکار ہے۔ یہ گائوں حدِ متارکہ کے بہت قریب واقع ہے جہاں 70طلباء کو پڑھانے کیلئے محض ایک استاد تعینات ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ وہ طلباء کے مستقبل کے تئیں فکر مند ہیں ۔حلقہ پنچایت شاہپور کے ممبر عبدالرشید نے کہا کہ یہ اس علاقے میں واحد پرائمری اسکول ہے جس کی حالت انتہائی خستہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسروں کو بار بار درخواست کی ہے لیکن ابھی تک کوئی جواب نہیں ملا۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے سالانہ بجٹ میں تعلیم کے لئے کروڑوں روپے مختص کئے جاتے ہیں لیکن زمینی سطح پر کچھ نہیں کیا جاتا۔انہوں نے بتایا کہ ا سکول میں تقریباً70 بچے زیر تعلیم ہیں جن کو پڑھانے کے لئے وہاں صرف ایک استاد تعینات ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس اسکول میں تین اساتذہ کو تعینات کیا گیا تھا جن میں سے ایک استاد نے استعفیٰ دیا ہے اور ایک کو وہاں سے کسی دوسری جگہ تبدیل کیا گیا ہے جس کے بعد پانچ ماہ سے وہاں ایک استاد پر پانچ کلاسوں کے 70بچوں کو پڑھانے کی ذمہ داری ہے ،وہ بے چارہ کیا کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکول کی عمارت کی چھت کی دو سال قبل تند ہوائوں کی وجہ سے اکھڑ گئی تھی جو ابھی تک درست نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ اس اسکول میں محکمہ کی جانب سے کچھ عرصہ پہلے SSAکے تحت الگ عمارت کا کام شروع کیا گیاتھا لیکن اس کا پلنتھ بننے کے بعد نامعلوم وجوہات کی بنا پر تعمیراتی کام عرصہ دراز سے بند ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسکول کی عمارت کی مرمت کی جائی جو نئی عمارت SSAکے تحت بنائی جا رہی ہے اس کا تعمیراتی کام جلد شروع کر کے اسے مکمل کیا جائے اور اسکول میں کم از کم 4مزید اساتذہ تعینات کئے جائیں تاکہ ان کے بچوں کا تعلیمی نقصان نہ ہو۔چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ مشتاق احمدنے رابطہ کرنے پر بتایا کہ انہیں اس سلسلہ میں کل ہی اطلاع ملی جس کے بعد انہوں نے زونل ایجوکیشن افسر ننگالی زون کو ہدایت دی ہے کہ وہاں مزید اساتذہ تعینات کئے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ عمارت کے حوالے سے بھی جلد اقدام اٹھائے جائیں گے۔