رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے سرحدی گائوں کلال میں پینے کے صاف پانی کی قلت نے بحرانی صورتحال اختیار کرلی ہے جس کی وجہ سے 300سے زائد کنبے اس وقت متاثر ہورہے ہیں ۔مقامی لوگوں نے محکمہ جل شکتی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ علاقہ میں پانی کی سپلائی کیلئے پاپئیں بچھائی گئی ہیں لیکن اس کے باوجود بھی علاقہ میں بالخصوص کلال و ملحقہ دیہات میں پانی کی سپلائی کو یقینی نہیں بنایا گیا ہے ۔انہوں نے محکمہ کے ملازمین و آفیسران پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے جس کی وجہ سے علاقہ مکین بالخصوص خواتین میلوں پیدل سفر کر کے قدرتی چشموں سے پینے کا صاف پانی لانے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پانی کی قلت کو لے کر انہوں نے حکام سے بھی رابطہ کیا لیکن ابھی تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے ملازمین و آفیسران کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ ان کو پینے کا صاف پانی سپلائی کیا جائے ۔