سرحدی علاقوں کیلئے ڈیولپمنٹ اتھارٹی قائم کرنے کی مانگ

مینڈھر //جموں اور کشمیر بارڈر ایریا ڈیولپمنٹ کانفرنس تنظیم جو جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری کے سرحدی علاقوں کے مکینوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کر رہی ہے،نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سرحدی علاقوں و حدمتارکہ کے قریبی علاقوں میں رہائش پذیر عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ڈیولپمنٹ اتھارٹی قائم کی جائے ۔تنظیم کے اراکین نے کہاکہ جموں و کشمیر کے سرحدی علاقوں کی ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ایک مخصوص شعبہ جیسے بارڈر ایریاز ڈیولپمنٹ اتھارٹی یا بورڈ کے قیام اور تشکیل کی فوری ضرورت ہے اور اس مذکورہ اتھارٹی میں ریٹائرڈ اور مسلح افواج کے حاضر سروس افسران بشمول فوج، بی ایس ایف، بارڈر روڈز آرگنائزیشن، سینٹرل پیرا ملٹری فورسز، جموں و کشمیر پولیس اور دیگر سیکورٹی ماہرین کو شامل کیا جائے تاکہ سرحدی علاقوں میں ترقی یافتہ انفراسٹرکچر ، برقرار رکھنے میں مدد مل سکے ۔تنظیم کے چیئر مین ڈاکٹر شہزاد ملک نکہ منجہاڑی علاقہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حدمتارکہ کے قریبی علاقوں کی عوام کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دی جائے ۔