سرحدی علاقوں میں ترقیاتی سرگرمیوں کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے: درخشاں اندرابی

 سرینگر // بی جے پی کے آٹھ سال مکمل ہونے کی یاد میں عوام تک رسائی کے پروگرام کے سلسلے میںبی جے پی کے قومی ایگزیکٹو ممبر اور پارٹی کی ترجمان ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے وادی گریز کے متعدد علاقوں کا دورہ کیا اور حکومت ہند کی عوامی بہبود کی اسکیموں کے بارے میں لوگوں سے بات چیت کی اور نچلی سطح پر مختلف پروگراموں اور اسکیموں کے نفاذ کا بھی جائزہ لیا۔ ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے کہا،انہوں نے ایل او سی کے قریب دیہاتوں میں خواتین سے بات کی اور انہیں اسکیموں کے خصوصی فوائد سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ’’مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی ہے کہ اجولا یوجنا نے یہاں دیہی آبادی کے میں بہت بڑی تبدیلی پیدا کی ہے۔ مختلف سکیموں کے بارے میں آگاہی کیمپ اس دور افتادہ علاقے کے لوگوں کی ضرورت ہیں۔ اس علاقے میں ‘دیہی صنعت کاری’ کی گنجائش اور ضرورت ہے اور نوجوانوں کیلئے مقامی کمائی کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر اندرابی نے وادی میں بی جے پی کیڈروں کو ہدایت دی کہ وہ رضاکاروں کے طور پر لوگوں کی مدد کرنے اور مرکزی اسکیموں کے فوائد حاصل کرنے کے لیے ان کی رہنمائی کریں۔ انہوں نے مقامی آبادی میں حکومت کی فلاحی اسکیموں سے متعلق معلوماتی چارٹ بھی تقسیم کئے۔ بعد ازاں ڈاکٹر اندرابی نے بہت سے سرکاری عہدیداروں سے ملاقات کی اور انہیں ہدایت کی کہ وہ عوام تک رسائی میں اضافہ کریں تاکہ لوگوں کے مسائل کو زمینی سطح پر حل کیا جاسکے۔