سرحدی ضلع پونچھ کے شہر خاص میں پانی کی قلت، عوام پریشان

 حسین محتشم

پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے صدر مقام پر محلہ کھوڑی ناڑ وارڈ نمبر آٹھ اور آس پاس کے محلوں کے لوگ پانی کی شدید قلت کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں۔شہریوں کے مطابق انتظامیہ سے بات کرنے کے باوجود پانی کا مسئلہ حل نہیں ہو رہا ہے جس کی وجہ سے لوگ پانی کے مسئلے سے بہت پریشان ہیں۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ محلہ کھوڑی ناڑ میں پچھلے دو یا تین ماہ سے لگاتار پانی کی قلت ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگ دو گھونٹ پانی کے لیے پریشان ہیں۔ اعلیٰ حکام کو بار بار اپیل کرنے کے باوجود ان کو معقول پانی نہیں چھوڑا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اخبارات میں مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت، عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے بہت سی اسکیمیں چلانے کا دعوی کر رہی ہے، اگر ان اسکیموں کو دیکھا جائے تو یہ صرف کاغذی فائلوں میں ہی نظر آتی ہیں۔ سچ یہی ہے کہ لوگ پانی کے مسئلے سے بہت پریشان ہیں۔لوگوں کا کہنا تھا کہ محلہ کھوڑی ناڑ ایک ایسا علاقہ ہے جہاں پر پانی کا ٹینکر بھی نہیں پہنچ سکتے ورنہ لوگ پانی خرید کر گھروں کو لے جاتے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کی پریشانیوں کو سمجھتے ہوئے بھی محکمہ جل شکتی ان کو نظر انداز کر رہا ہے۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پہنچ یاسین محمد چودری سے اپیل کی ہے کہ وہ وارڈ نمبر اٹھ میں پانی کی قلت کو جلد سے جلد ختم کریں تاکہ لوگ راحت کی سانس لے سکیں۔