مینڈھر //سرحدی تار بندی کے اندر محصور بالاکوٹ کی دو پنچایتیں تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔تفصیلات کے مطابق بالاکوٹ تحصیل کی دوبڑی پنچائتیں دھراٹی اور بھروتی بنیادی سہولیات سے دورہیں ۔مقامی لوگوںنے کہا کہ ان دو بڑی پنچائتوں میں بنیادی سہولیات کافقدان ہے اور سرحدی پٹی پر بسنے والے لوگوں کیلئے سرکار بنیادی سہولیات میسر نہیں کررہی ہے ۔انکا کہنا تھا کہ علاقہ میںایک ہائیر سکینڈری اسکول ہے جو بالکل سرحد پر واقع ہے جہاں پر بچوں کا تعلیم حاصل کرنا مشکل ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ہم نے انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کے اعلی آفیسران سے بار بار اپیل کی کہ گورنمنٹ ہائی سکول دھراٹی کا درجہ بڑھایا جائے تاکہ بچے آرام سے اپنی تعلیم حاصل کرسکیں کیوں کہ ہائیر سکینڈری اسکول بھروتی بالکل ہی سرحد پر واقع ہے لیکن متعلقہ محکمہ نے ایسا نہیں کیا۔لوگوں کا کہنا تھا کہ اسکول کا درجہ فوری طور بڑھایا جائے انہوں نے مزید سرکار پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ دھراٹی پنچائت میں ابھی بھی دو بڑے گائوں سوالہ اور پنجنی جو کہ تین وارڈوں پر مشتمل ہیں، انکو اس وقت تک سڑک کا کوئی رابطہ نہیں ہے اور لوگوں کو دس کلومیٹر کا سفر پیدل کاندھوں پر سامان لے کے طے کرنا پڑتاہے۔ انکا کہنا تھا کہ فائرنگ اور گولہ باری کے دوران لوگ واپس گھر بھی نہیں پہنچ سکتے اور زخمی ہونے کی صورت میں لوگوں کو سڑک تک پہنچانے میں کئی گھنٹے لگ جاتے ہیں۔لوگوں نے کہاکہ سڑک جیسی سہولیات دستیاب کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقہ کے اندر پانی کی بھی خستہ حالت ہے اور زمینی سطح کی سکمیں ناکام ہو چکی ہیں لہٰذا سرحدی پٹی پر بسنے والے لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔ان کامزید کہنا تھا کہ گذشتہ تین برسوںسے سرکار نے ٹیلیفون سسٹم بھی بحال نہیں کیا جس سے لوگوں کو کئی قسم کی پریشانیوں کا سامناکرنا پڑتاہے ۔
سرحدی تار بندی میں محصوروسیع علاقہ بنیادی سہولیات سے محروم
