سرحدی آبادی کو جوڑنے والا پل گرنے کی دہلیزپر

منجاکوٹ //منجاکوٹ سے دیری دہاڑہ، منگناڑ اور دیگر سرحدی علاقوں کو جوڑنے والا پل گرنے کی دہلیز پر ہے جس کی وجہ سے کسی بھی وقت کوئی حادثہ رونماہوسکتاہے۔سرحدی علاقوں کی ایک بہت بڑی آبادی کا گزر اسی پل سے ہوتاہے اور سکولی بچے بھی یہیں سے گزر کر سکول آتے جاتے ہیں۔ تاہم اس کی حالت اس قدر خراب ہوچکی ہے کہ یہ اِدھر اُدھر ہچکولے کھانا شروع ہوجاتاہے اور چونکہ اس کی اونچائی بھی کافی زیادہ ہے اس لئے اس سے گرنے کا خطرہ رہتاہے۔ایک طالب علم نے بتایاکہ اس کا روازنہ پل سے گزر ہوتاہے اور جب وہ ہلنے لگتاہے تو خوف طاری ہوجاتاہے۔ مقامی شہری محمد فاروق نے بتایاکہ یہ پل لگ بھگ بیس پچیس سال قبل تعمیر کیاگیاتھا جس کی حکام نے مرمت کرنا بھی گوارہ نہیں سمجھا۔انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے کہ کوئی حادثہ رونما ہوجائے ، پل کی مرمت کی جائے ۔مقامی لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے مانگ کی ہے کہ فوری طور پر کام شروع کرکے اس کی مرمت کروائی جائے تاکہ کوئی حادثہ پیش نہ آئے۔