وزیر اعظم نے نوشہرہ سیکٹر میں فوج کیساتھ دیوالی منائی، کہا دشمن کی کوششیں ناکام ہوئیں
راجوری // وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ 2016میں لائن آف کنٹرول کے پار سرجیکل اسٹرائیکس نے ہندوستانی فوج کے عزم اور صلاحیت کو ظاہر کیا اور وہ خود اس آپریشن کی نگرانی کرتے رہے۔ وزیر اعظم نے جموں کے نوشہرہ سیکٹر میں فوجی جوانوں کیساتھ دیوالی منائی۔یہ وزیر اعظم کا فوجی جوانوں کیساتھ دیوالی منانے کا چوتھا موقعہ ہے۔اس سے قبل وزیر اعظم نے 2014،2017اور 2019میں بھی فوجی جوانوں کیساتھ لائن آ ف کنٹرول پر دیوالی کا تہوار منایا ہے۔فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ وہ آپریشن کی خود نگرانی کر رہے تھے جب فوج نے 2016میں سرحد پار سرجیکل اسٹرائیک کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ فوج قوم کی "سرکھشاکوچ" (حفاظتی ڈھال) ہے اور ان کی وجہ سے ملک کے لوگ سکون سے سو سکتے ہیں اور تہواروںکو خوشی سے منا سکتے ہیں۔مودی نے کہا کہ پانچ سال پہلے سرجیکل اسٹرائیک کے بعد دہشت گردی پھیلانے کی کوششیں کی گئی تھیں لیکن انہیں منہ توڑ جواب دیا گیا۔ "سرجیکل اسٹرائیک میں آپ کا تعاون آنے والے وقتوں میں یاد رکھا جائے گا، میںفون کا بے چینی سے انتظار کر رہا تھا، نہیں چاہتا تھا کہ کوئی جوان پیچھے رہ جائے، لیکن آپ فاتح بن کر سامنے آئے‘‘۔انہوں نے مزیدکہا کہ بھارت کو بدلتی ہوئی دنیا اور جنگ کے طریقوں کے مطابق اپنی فوجی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا چاہیے۔ یہ دوسرا موقع ہے جب مودی نے راجوری ضلع میں فوجی جوانوں کے ساتھ دیوالی منائی۔ 2019میں بھی مودی نے راجوری میں آرمی ہیڈکوارٹر میں دیوالی منائی، اور اس بار انہوں نے نوشہرہ میں فوجیوں کے ساتھ تہوار منایا، جو ایل او سی کے قریب ہے۔مودی نے کہا، "میں یہاں آپ کے وزیر اعظم کے طور پر نہیں، بلکہ ایک خاندان کے فرد کے طور پر آیا ہوں، میں کروڑوں ہندوستانیوں کا آشیرواد لے کر آیا ہوں۔"انہوں نے کہا کہ جس لمحے وہ یہاں اترے، ان کا دل خوشی سے بھر گیا۔ یہ جگہ جہاں میں موجود ہوں، تمہاری بہادری کی مثال ہے، آپ نے یہاں تمام سازشوں کا منہ توڑ جواب دیا ہے،‘‘ ۔وزیر اعظم کے دورے سے قبل فوجی سربراہ این این نروانے بدھ کو ہی راجوری پہنچے تھے اور اگلے علاقوں کا دورہ کر کے موجودہ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔قبل ازیں وزیر اعظم جمعرات کی صبح جموں ہوائی اڈے پر اترنے کے بعد سیدھے راجوری نوشہرہ سیکٹر کی طرف روانہ ہوئے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اس وقت راجوری میں فوج کے ساتھ دیوالی کا تہوار منایا جب پونچھ کے نار خاص جنگلوں میں گذشتہ قریب ایک ماہ سے سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان تصادم جاری ہے جس میں اب تک دو جے سی اوز سمیت نو فوجی جوان جاں بحق ہوئے ہیں۔