سدبھاونا دورے کے طلاب

جموں//کپواڑہ ضلع سے تعلق رکھنے والے 32 طلاب پر مشتمل ایک گروپ جو پنجاب میں تواریخی اور ثقافتی اہمیت کے مقامات کا دورہ کرنے کے بعد واپس پہنچے ہیں نے راج بھون جموںمیں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی اور دورے کے اپنے تجربات سے اُنہیں آگاہ کیا۔ طلاب کے ہمراہ اُن کے دو اساتذہ محمد مقصود اور جاویدہ بیگم کے علاوہ فوجی افسر کیپٹن راجیش تیواڑی بھی تھے۔دس روز تک جاری رہنے والے دورے کا انعقاد 47آر آر نے سدبھاونا پروگرام کے تحت کیا تھا جس دوران طلاب نے چندی گڈھ جالندھر، کپور تھلا اور امرتسر کا دورہ کیا۔ بچوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے گورنر نے اُن کے تجربات کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔ بچوں نے کہا کہ اس دورے کی بدولت انہوں نے تعلیمی ، سائنسی ، تواریخی اور ثقافتی مقامات کے بارے میں انمول جانکاری حاصل کی۔ گورنر نے طلاب پر زور دیا کہ وہ زندگی میں آگے بڑھنے کے لئے محنت اور لگن کے ساتھ کام کریں۔ گورنر نے کہا کہ حکومت نے نوجوانوں کو کھیلوں اور دیگر غیر نصابی سرگرمیوں میں مواقع دستیاب کرانے کے لئے کئی اقدامات شروع کئے ہیں۔گورنر نے طلاب کو تحائف بھی دئیے اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔