سخی میدان ۔کلائی سڑک کی حالت نہایت ابتر،لوگ پریشان

 مینڈھر//ضلع پونچھ کے علاقہ مینڈھر میں سڑکوں کی حالت نہائت ہی ناگفتہ بہ ہونے کے سبب لوگوں کوسخت دشواریوں کاسامناکرناپڑرہاہے ۔سڑکوں کی زبوں حالی کے بارے میں پٹھانہ تیر ،کالابن، چھونگاں ،نڑول، بنولہ وغیرہ دیہات کے لوگوں کاکہناہے کہ سخی میدان پٹھانہ تیر سڑک جو بڑی آبادی کے بیچو بیچ سے گزرتی ہے اس کی حالت نہایت ہی ابترہے کیونکہ یہ واحد سڑک ہے جو مینڈھر کے بڑی آبادی والے علاقہ کو پونچھ سے بھی ملاتی ہے جس کا نام بھی سخی میدان کلائی سڑک ہے جس کا کام کئی سالوں سے چل رہا ہے لیکن باوجوداس کے سڑک ہذا کی حالت سدھرنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی سالوں سے اس سڑک پر کئی کمپنیاں باری باری کام کر رہی ہیں ، ایک کمپنی کو جب ٹھیکہ ملتا ہے تو وہ کئی سال اس سڑک پر کام کرتی ہے اس کے بعد دوسری کمپنی کو ٹھیکہ مل جاتا ہے وہ بھی جب کام کرکے تھک جاتی ہے پھر کسی اور کمپنی کو ٹھیکہ دے دیا جاتا ہے لیکن سڑک کی حالت جوں کی توں ہے اور ٹھیک ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے ۔لوگوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سخی میدان،پٹھانہ تیر سڑک کی حالت یہ ہے کہ اس پر گاڑیاں تودور انسانوں کاچلنا بھی مشکل ہے ۔مقامی لوگوں مزیدکہناہے کہ حکومت کی طرف سے اس سڑک پر لاکھوں روپے خرچے گئے لیکن سڑک کی حالت نہیں سدھرسکی ۔انھوں نے متعلقہ محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ سڑک محکمہ کے لئے سونے کی کان بن چکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ کئی گاڑیاں اس سڑک پر چل چل کر ختم ہو گئیں اور اب سڑک کے کنارے کھڑی ہیں ۔انھوں نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ ایک ویجی لینس کی ٹیم بھیج کر سڑک کا جائزہ لیا جائے اور اس وقت تک جتنے بھی رقومات خرچ ہوئی ہیں اس کی تحقیقات کی جائے تاکہ کروڑوں روپے خرچ ہونے کے باوجود سڑک کا کام مکمل نہیں ہو پایا ہے اور اب سننے میں آیا ہے کہ سڑک کا کام کسی اور کمپنی کے حوالے کیاگیاہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل جو بھی کام ہوا ہے اس کا حساب لگایاجائے کہ اتنا پیسہ خرچ ہونے کے باوجود سڑک گاڑیوں کی آمدورفت کے قابل نہیں ہے اور سڑک میں بڑے بڑے کھڈے پڑے ہیں۔ انھوں نے ضلع انتظامیہ سے بھی اپیل کی کہ سڑک کی حالت کو سدھارنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ ایک بڑی آبادی والے علاقے کے لوگ آرام سے سفر کر سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس سڑک سے کئی قانون ساز بھی گزرتے ہیں جن کا گھر اسی سڑک پر واقع ہے لیکن وہ بھی سڑک کو ٹھیک کرانے میں رول ادا نہیں کر رہے ہیں لہذا سڑک کی حالت کو جلد از جلد بہتر بنایا جائے اور گاڑیوں کی آمدورفت کے قابل بنایا جائے۔