سخی میدان میلے کے انعقاد کا معاملہ

مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن میں سخی میدان میلے کے سلسلہ میں بغیراجاز ت کے جمع ہونے والی ہجوم کے سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔برسوں سے چلی آرہی روایت کے مطابق مینڈھر کے سخی میدان علاقہ میں سالانہ میلے کا اہتمام کیا جاتا ہے جس کے دوران مقامی و غیر مقامی پہلوانوں کی جانب سے زور آزمائی اور کُشتی کی جاتی ہے تاہم گزشتہ 2برسوں سے مذکورہ میلے کو کووڈ کی وجہ سے موخر کردیا جاتا رہا ہے تاہم گزشتہ روز میلا کمیٹی کے اراکین کی جانب سے رسمی پروگرام کااہتمام کیا گیا جس کے دوران جھنڈالہریا گیا اور اس دوران لوگوں کی ایک بڑی تعداد جمع ہو گئی ۔دوسری جانب ضلع انتظامیہ نے بغیر اجازت کے کووڈ دور میں ہجوم کے جمع ہونے کے سلسلہ میں کارروائی کرتے ہوئے انتظامیہ کمیٹی اور عام لوگوں کےخلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت جاری کی گئی جس کے بعد اس سلسلہ میں مینڈھر پولیس سٹیشن میں ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 288/2021درج کر لیا گیا ہے ۔غور طلب ہے کہ مینڈھر میں مذکورہ میلے کا اہتمام پانڈﺅں کے دور سے کیا جارہا ہے ۔