سجاد لون کے ہاتھوں’’وومن ہیلپ لائین سروس ‘‘ کا افتتاح

 جموں /سماجی بہبود ، اے آر آئی اینڈ ٹریننگ اور سائینس و ٹیکنالوجی کے وزیر سجاد غنی لون نے آج یہاں وومن ہیلپ لائین سروس ( 181 ) کا افتتاح کیا ۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت نے تشدد سے متاثرہ خواتین کیلئے وومن ہیلپ لائین سروس 181 کا اہتمام کیا ہے تا کہ وہ اپنی شکایات پولیس میں درج کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس کوشش کی بدولت حکومت کی سکیموں اور پروگراموں کی جانکاری بھی خواتین کو فراہم کی جا سکے گی ۔ وزیر نے کہا کہ اس ہیلپ لائین کے آغاز کا مقصد انہیں تحفظ فراہم کرنے کے علاوہ اُن کی باز آباد کاری کو بھی یقینی بنایا جائے گا ۔ سماجی بہبود کی وزیر مملکت آسیہ نقاش جو اس موقعہ پر موجود تھیں ، نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وومن ہیلپ لائین سروس تشدد سے متاثرہ خواتین کو مناسب کونسلنگ اور رہبری فراہم کرے گا اور حکومت اور  رضا کار تنظیموں کے درمیان ایک پُل کا کام کرے گی اور خواتین کی بہبودی کو یقینی بنانے میں بھی معاون ثابت ہو گی ۔ چئیر پرسن سٹیٹ کمیشن فار وومن نعیمہ مہجور ، کمشنر سیکرٹری سوشل ویلفئیر سجاد احمد ، ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر جموں ویر جی ہانگلو ، ڈائریکٹر سٹیٹ ریسورس سنٹر فار وومن رفعت آراء اور محکمے کے دیگر افسران اس موقعہ پر موجود تھے ۔