ست شرما کا لوگوں کو رعائتی ہاوسنگ سہولیات فراہم کرنے پر زور

سرینگر// مکانات و شہری ترقی کے وزیر ست شرما نے کل متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ رعائتی نرخوں پر لوگوں کو معیاری ہاوسنگ سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے میں ایک تفصیلی پالیسی مرتب کریں ۔ وزیر موصوف کل یہاں سرینگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی ایک جائیزہ میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے ۔ وائس چئیر مین ایس ڈی اے عبدالمجید رینہ کے علاوہ ضلع کے اعلیٰ افسران میٹنگ میں موجود تھے ۔ مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کی رفتار کا جائیزہ لیتے ہوئے وزیر نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ مقررہ وقت کے اندر ترقیاتی پروجیکٹوں کی تکمیل یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل سے قیمتوں میں اچھال کے عمل کو روکا جا سکتا ہے اس کے علاوہ لوگوں کو بہتر ہاوسنگ سہولیات وقت پر فراہم کی جا سکیں گی ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ ایس ڈی اے کی طرف سے تعمیر کئے جا رہے گلپوش ایپارٹمنٹ میں دو بلاک تعمیر کئے جا رہے ہیں جو 32 ایپارٹمنٹس پر مشتمل ہو گا ۔ ان سایپارٹمنٹوں کی تعمیر مکمل کی جا چکی ہے اور اسی طرح کے 60 ایپارٹمنٹوں پر سیلف فائینانسنگ پروجیکٹ کے تحت دوسرے مرحلے میں تین بلاک تعمیر کئے جائیں گے ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ بمنہ میں 532 شہزار ایپارٹمنٹس پر کام شروع کیا گیا ہے جو مستقبل قریب میں مکمل کئے جائیں گے ۔