عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// اننت ناگ ضلع میں گزشتہ سال ستمبر میں ملی ٹینٹوں کے ساتھ تصادم میں ہلاک ہونے والے کرنل من پریت سنگھ ڈی ایس پی ہمایوں بٹ سمیت چار کو یوم آزادی پر کیرتی چکر سے نوازا گیا ہے۔کیرتی چکرا امن کے وقت کا دوسرا سب سے بڑا بہادری ایوارڈ ہے۔چار ایوارڈز میں سے تین کو کیرتی چکرا مرنے کے بعد مل رہا ہے۔ وصول کنندگان میں کرنل من پریت سنگھ، رائفل مین روی کمار اور ڈی ایس پی ہمایوں بٹ شامل ہیں جو بعد از مرگ یہ ایوارڈ حاصل کر رہے ہیں۔چوتھا کیرتی چکر میجر مالا راما گوپال نائیڈو کو دیا گیا ہے۔ڈی ایس پی بٹ، کرنل سنگھ اور رائفل مین روی کمار گزشتہ سال ستمبر کے مہینے میں اننت ناگ میں ایک تصادم میں مارے گئے تھے۔
ڈی ایس پی ہمایوں بٹ ، کشمیر پولیس سروس آفیسر تھے، جن کے والد غلام حسن بٹ ڈی آئی جی کے عہدے پر سبکدوش ہوئے تھے۔انکی شادی کو تقریباً ایک سال ہوا تھا اور انکے ہاں کچھ ماہ کا بیٹا تھا۔کرنل من پریت سنگھ 19 راشٹریہ رائفلز بٹالین کی قیادت کر رہے تھے جب انکی ہلاکت ہوئی۔وہ آر آرکے ساتھ اپنی مدت ملازمت مکمل کرنے سے صرف چار ماہ دور تھے۔چنڈی گڑھ کے قریب پنجاب کے ایک چھوٹے سے گائوں بھرونجیان کے رہنے والے، کرنل منپریت کا خاندان نیو چندی گڑھ میں رہائش پذیر تھا۔ان کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ جگمیت گریوال ہیں، جو ہریانہ کے محکمہ تعلیم میں معاشیات کی لیکچرار ہیں، اور ان کے دو چھوٹے بچے ایک چھ سالہ بیٹا اور ایک دو سالہ بیٹی ہے۔ کرنل منپریت نے تقریباً 17 سال تک فوج میں خدمات انجام دیں۔۔14ستمبر 2023کو کوکر ناگ کے جنگلات میں ہوئے تصادم میں کرنل من پریت کے علاوہ میجر آشیش ڈھونک اور ڈی ایس پی ہمایوں بٹ جاں بحق ہوئے تھے۔ یہ تصادم آرائی 7روز تک چلی تھی جس میں ملی ٹینٹ کمانڈر اذیر خان اپنے ساتھی سمیت مارا گیا تھا۔