محمد تسکین
بانہال // جمعرات کے روز بارشوں کے باوجود سب ڈویژن بانہال کی پنچایتوں میں وکست بھارت سنکلپ یاترا کے پروگرام زور و شور سے جاری ہیں اور ان پروگراموں کی قیادت ایس ڈی ایم بانہال ظہیر عباس اور بی ڈی او بانہال آصف امین چندیل سمیت مختلف محکموں کے افسران کر رہے ہیں۔بلاک بانہال کی پنچایت کسکوٹ ، لامبر ، چریل ، ڈگری کالج بنکوٹ ، گرلز ہائر سیکنڈری سکول بانہال، ہیلی پیڈ بانہال ، ڈولیگام ، پھاگو ، امکوٹ ، چملواس ، کرالچی ہال میں منعقد ویکست بھارت سنکلپ یاترا کے پروگراموں میں سینکڑوں عام لوگ ، سکولی بچے اور سرکاری سکیموں سے مستفید لوگ شرکت کر رہے ہیں۔ بارشوں کے باوجود جمعرات کو بھی ان پروگراموں کا سلسلہ جاری رہا۔ان پروگراموں میں مرکزی سرکار کی سکیموں کی زمینی سطح پر عمل آوری اور سرکاری سکیموں میں لوگوں کی شمولیت کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور لوگوں کو سرکاری سکیموں کے بارے میں مفصل جانکاری دی جارہی ہے۔اس موقع پر مختلف سرکاری سکیموں سے فیضیاب ہوئے مستحق افراد نے میری کہانی میری زبانی سنا کر سرکاری سکیموں سے حاصل ہونے والے فائدوں اور باعزت روزگار کے حصول کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کیا اور سرکار کا شکریہ ادا کیا ۔