سب ضلع ہسپتال ٹنگمرگ میں بنیادی سہولیات کا فقدان

بارہمولہ // سب ضلع اسپتال ٹنگمرگ میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے جس کے نتیجے میں مریضوں اور تیمارداروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔ مریضوں کا الزام ہے کہ اسپتال میں جنریٹردستیاب نہ ہونے سے اُنہیںنجی کلنکوں یا دیگر کئی جگہوں پر ایکسرے اورٹیسٹ کرانے پر مجبور کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ہسپتال میں پہلے ہی بجلی سپلائی متاثر رہتی ہے جس کی وجہ سے مریضوں اور تیمارداروں کو سخت مشکلات درپیش ہیں ۔سب ضلع ہسپتال جنریٹرسے محروم ہے جس کے نتیجے میں دوردراز علاقوں سے آئے ہوئے مریضوں اور تیماداروں کو گوناگو ںمشکلات درپیش ہیں ۔ایک شہری نذیر احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس اسپتال میں جگہ کی بھی کا فی کمی ہے جس کی وجہ سے مریضو ں کو مشکلات کاسامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر چہ محکمہ صحت سے پانچ سال قبل اسپتال کیلئے مزید ایک عمارت کو تعمیر ی کا کام شروع کیا تھا تاہم ستم ظریفی یہ ہے کہ ابھی تک عمارت مکمل نہیں کی گئی ہے ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس معاملہ کو کئی بار متعلقہ محکمہ کے افسران کو مطلع کیا گیاتاہم اس کی طرف کوئی دھیان نہیں دیا گیا جس کا خمیازہ مریضوں اور تیمارداروں کو بھگتناپڑتا ہے ۔انہوںنے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ اور محکمہ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ہسپتال میں فوری طور پر ایک جنریٹر دستیاب رکھا جائے اور زیر تعمیر عمارت کو جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔اس سلسلے میں بلاک میڈکل افسر ٹنگمرگ ڈاکٹر صبا نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اگر چہ ہسپتال میں پہلے سے ہی ایک ڈیزل جنریٹر موجود ہے تاہم مزید ایک اور جنریٹرکا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ہسپتال میں جگہ کی کمی ہے تاہم نئی عمارت بھی مکمل ہوچکی ہے اور اُمید ہے کہ اس عمارت کو بھی بہت جلد استعمال میں لایا جائے گا ۔