سب ضلع ہسپتال مینڈھر میں ماہرڈاکٹروں کی عدم دستیابی سے لوگ پریشان

مینڈھر//سب ضلع ہسپتال مینڈھر عرصہ درازسے ماہر ڈاکٹروں کے بغیرکام کر رہا ہے اورعوام کوصحت خدمات کی فراہمی کے سلسلے میں انتظامیہ اورمتعلقہ محکمہ کے اعلیٰ حکام خاطرخواہ توجہ نہ دے رہے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کوپریشانیوں کاسامناکرناپڑرہا ہے۔تفصیلات کے مطابق سب ڈویژن مینڈھر تین تحصیلوں پر مشتمل ہے اوران تینوں تحصیلوں میں کئی پرائمری ہیلتھ سنٹر موجود ہیں اور گذشتہ دنوں گورنر انتظامیہ نے ہر پرائمری ہیلتھ سنٹر میں کئی میڈیکل افیسر تعینات کئے ہیں جبکہ اس پورے سب ڈویژن میں ایک سب ضلع ہسپتال مینڈھر موجود ہے جو بغیر ماہر ڈاکٹروں کے کام کر رہا ہے اور جس کی وجہ سے لوگوں کو در در کی ٹھوکریں کھانی پڑ رہی ہیں ۔اس ضمن میںکئی مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مینڈھر علاقہ سے تعلق رکھنے والے لوگ کسمپرسی کی زندگی بسر کرتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ مینڈھر سب ضلع ہسپتال کے اندر عورتوں کی ماہر ڈاکٹر کئی سالوں سے موجود نہیں ہے جبکہ ہماری مائیں بہنیں عورتوں کی ماہر ڈاکٹر نہ ہونے کی وجہ سے کئی قسم کی مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں کیونکہ کئی عورتوں کا سب ضلع ہسپتال مینڈھر میں علاج نہ ہونے کی وجہ سے انھیں ضلع ہسپتال راجوری یا کہیں اور بھیج دیا جاتا ہے اور ہزاروں روپے کے بجائے لوگوں کو لاکھوں روپے خرچ کرنے پڑتے ہیں اور کئی خواتین تواپنی زندگی سے بھی ہاتھ دھو بیٹھی ہیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ سب ضلع ہسپتال مینڈھر کے اندر سرجن سپیشلسٹ اور فزیشن سپیشلسٹ بھی  نہیں ہیں ۔اس سلسلہ میں خورشید احمد ،ستیش کمار،معروف مغل ،  اور شوکت علی کا کہنا ہے کہ گذشتہ ایک سال سے بھی زائد عرصہ گزر گیا فزیشن کو سرکار نے تبدیل کیا تھا لیکن اس کی وجہ کسی بھی فزیشن کو اس وقت تک تعینات نہیں کیا گیا جبکہ گذشتہ دو مہینو ں سے سرجن سپیشلسٹ کو بھی تبدیل کرکے ضلع ہسپتال پونچھ میں بھیج دیا گیا اور مینڈھر سے تمام ماہرڈاکٹر آہستہ آہستہ تبدیل کر دئیے گئے اور لوگوں کو اللہ تعالی کے سہارے پر چھوڑ دیا اب مینڈھر کے لوگ تھوڑی سے بیماری کو لے کر بھی جموں یا کسی اور بڑے ہسپتال میں لاکھوں روپے خرچ کرکے علاج کرواتے ہیں لیکن گورنر انتظامیہ نے اس  وقت تک کسی بھی سپیشلسٹ ڈاکٹر کو سب ضلع ہسپتال مینڈھر نہیں بھیجا ہے۔انھوں نے کہا کہ مینڈھر میں ڈاکٹر نہ ہونے کی وجہ سے لوگ سخت پریشان ہیں لہذا فوری طور مینڈھر میں ڈاکٹروں کو تعینات کیا جائے کیونکہ لوگوں کو چھوٹی سے بیماری لے کے بھی کئی قسم کی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ان کا  مزید کہنا تھا کہ اگر ایک ہفتہ کے اندر ڈاکٹروں کو تعینات نہ کیا گیا تو ہم لوگ احتجاج کریں گے۔اس سلسلہ میں جب چیف میڈیکل آفیسر پونچھ ڈاکٹر ممتاز بھٹی سے بات کی گئی تو تو ان کا کہنا تھا کہ جلد مینڈھر میں سپیشلسٹ ڈاکٹر آ جائیں گے کیونکہ نئے ڈاکٹروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے اور وہ کچھ دنوں کے اندر اپنی ڈیوٹی پر جوائن ہو جائیں گے۔