سب ضلع ہسپتال مینڈھر میں بیہوشی کا ڈاکٹر تعینات نہیں | مریض آپریشن کیلئے دیگر ہسپتالوں میں دربدر ،انتظامیہ خاموش

مینڈھر //سب ڈسٹر کٹ ہسپتال مینڈھر میں کئی برسوں سے بیہوشی کا ڈاکٹر تعینات نہیں ہے جس کی وجہ سے سب ڈویژن کے مریضوں کو آپریشن کیلئے خطہ اور صوبہ کے دیگر ہسپتالوں میں در بدر کی ٹھوکریں کھانا پڑتی ہیں ۔مقامی لوگوں نے محکمہ صحت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سینکڑوں کی تعداد میں مریض دیگر ہسپتالوں میں لاکھوں روپے خرچ کر کے آپریشن کروانے پر مجبور ہیں لیکن مقامی سطح پر عملے کو پورا ہی نہیں کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے غریب لوگوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ پہلے مینڈھر ہسپتال میں مذکورہ ڈاکٹر تعینات کیا گیا تھا لیکن اس وقت گائناکالوجسٹ اور آپریشن کیلئے ماہر ڈاکٹر تعینات نہیں تھے لیکن اب مذکورہ ڈاکٹر تعینات کئے گئے ہیں لیکن بیہوشی کا ڈاکٹر موجود نہیں ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ضلع میں محکمہ صحت کی جانب سے بیہوشی کے ماہر ڈاکٹر کو دیگر ہسپتالوں سے ہفتے میں کچھ دنوں کیلئے مینڈ ھر تعینات کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے لیکن مذکورہ عمل صرف ایسے مریضوں کیلئے کار آمد ثابت ہوسکتا ہے جن کو آپریشن کیلئے وقت اور دیا جائے گا جبکہ ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کی مشکلات جوں کی توں ہی رہیں گی ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر میں خالی پڑی ہوئی آسامی کو مستقل بنیادوں پر پُر کیا جائے تاکہ مریضوں کو مقامی ہسپتال میں ہی بہتر سہولیات میسر ہو سکیں ۔