سب ضلع ہسپتال منڈی میں بجلی کا نظام درہم برہم، مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا

 عشرت حسین بٹ

منڈی// ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے سب ضلع ہسپتال منڈی میں بجلی کا نظام گزشتہ دو روز سے درہم برہم ہے جسکی وجہ سے مریضوں سمیت ڈاکٹروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بتا دیں کہ سب ضلع ہسپتال منڈی میں گزشتہ دو روز سے بجلی کے آنے جانے کا کوئی بھی وقت مقرر نہیں جس کی وجہ سے ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو ایکسرے ،الٹرا سائونڈ اور دوسری کئی جانچ کروانے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ہسپتال میں اپنی طبی جانچ کروانے کے لیے آئے ہوئے طارق احمد اور محمد شفیع نامی مریضوں نےکہا کہ انہوں نے ڈاکٹروں سے اپنی طبی جانچ کروائی اور ڈاکٹروں نے انہیں ایکسرے کروانے کا مشورہ دیا مگر ہسپتال میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے انہیں ایکسرے کروانے کے لیے گھنٹوں انتظار کرنا پڑا۔ طارق احمد نامی مریض کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ شب اپنے کسی مریض کے ساتھ ہسپتال جب پہنچ تو ہسپتال میں اندھیرا تھا جس کی وجہ سے انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ادھر محکمہ بجلی کے جونیئر انجینئر جاوید ملک نے کہا کہ ہسپتال کی بجلی کا نظام رسیوینگ سٹیشن سے خراب ہوا ہے جس کی مرمت جاری ہے اور بہت جلد ہسپتال کی بجلی بہتر کی جائے گی۔