سب ضلع اسپتال کپوارہ کی کووِڈ ۔19مرکزمیں تبدیلی | عدالت عالیہ کا مفاد عامہ کی عرضی پرحکومت سے جواب طلب

کپوارہ//سب ضلع اسپتال کپوارہ کو کووِ ڈ۔ 19اسپتال میں تبدیل کرنے کے خلاف مفاد عامہ کے تحت جموں و کشمیر ہائی کورٹ میں دائر کی گئی  عرضی عدالت نے سماعت کیلئے منظور کی اور سرکار سے جواب طلب کیا ۔مفاد عامہ کے تحت کپوارہ سے تعلق رکھنے والے ایک ایڈوکیٹ میر منصور نے  جموں کشمیرہائی کورٹ میں ایک عرضی دائر کی جسمیں کہا گیا کہ سب ضلع اسپتال کپوارہ کو کو ڈ 19میں تبدیل کرنے کے بعد ضلع بھر میں مریضوں کو علاج و معالجہ کے لئے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ضلع کے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے مریض ضلع اسپتال ہندوارہ یا دیگر اسپتالو ں میں کب پہنچ سکتے ہیں ۔سرحدی علاقہ مژھل میں ادویات کی کمی کا حوالہ دیتے ہوئے عرضی گزار نے کہا کہ ہندوارہ یا دیگر اسپتالو ں میں مریضوں کے لئے انتظام کے بجائے اگر ان علاقوں میں ہی لوگوں کو طبی سازو سامان فراہم کیا جاتا ،تو وہ زیادہ بہتر ہوتا تاکہ ان دور دراز علاقوں کے لوگو ں کو علاج و معالجہ کے لئے در در کی ٹھوکریں نہیں کھانی پڑتی۔عرضی گزار نے عدالت سے کہا کہ ضلع کے دور درازعلاقوں کے لوگو ں کے علاج و معالجہ کے لئے کپوارہ کے آس پاس والے علاقوں میں انتظام کیا جائے ۔ضلع میں حالیہ گولہ باری سے متاثرین کو مالی امداد نہ ملنے پر بھی عرضی گزار نے ایک الگ درخواست دائر کی کیونکہ گولہ باری سے متاثرین کو ابھی تک کسی بھی قسم کی امداد نہیں دی گئی جس کی وجہ سے ان کی مالی حالت ابتر ہوگئی ہے ۔ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ نے عرضی گزار کی دائر کردہ درخواست  کوسماعت کے لئے منظور کیا اور سرکار سے فوری طور جواب طلب کیا تاکہ اس کا فوری طور کوئی حل نکالا جائے  ۔