سب سنٹر بلنوئی میں ملازمین غیر حاضر ،عوام پریشان

 
مینڈھر//تحصیل منکوٹ کے سرحدی علا قہ بلنوئی کی عوام نے محکمہ صحت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ علا قہ میں قائم کر دہ سب سنٹر میں تعینات ملازمین ڈیوٹی سے ہمیشہ غیر حاضر رہتے ہیں لیکن انتظامیہ کی جانب سے ان ملازمین کیخلاف کوئی بھی کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو مشکلات کا سا منا کرنا پڑتا ہے ۔ بلنوئی کی خاتون سرپنچ نسیم اختر نے محکمہ صحت کے اعلی ملازمین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سب سنٹر ہمیشہ بند رہتا ہے جبکہ ملازمین اکثر غیر حاضر رہتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ سرکار نے لوگوں کی سہولیات کیلئے سب سنٹر کی عمارت بھی لاکھوں روپے خرچ کرکے بنوائی ہے لیکن عوام کو ابھی بھی بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی گئی ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ تعینات ملازمین مہینے میں صرف دو یا تین با ر ڈیوٹی پر حاضر رہتے ہیں لیکن اعلیٰ آفیسران بھی ملازمین کی غیر حاضری کا نوٹس لینے میں ناکام ثابت ہو ئے ہیں ۔مقامی لوگوں نے کہاکہ ایک چھوٹی سے بیماری کے علا ج کیلئے بھی ان کو کئی کلو میٹر دور پرائمری ہیلتھ سنٹر میں جانا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے ریاستی انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سب سنٹر میں تعینات ملازمین کی حاضری کو ممکن بنایا جائے ۔بلاک میڈیکل آفیسر مینڈھر نے کہا کہ مذکورہ سب سنٹر میں تین ملازمین تعینات ہیں ۔انہوں نے کہاکہ غیر حاضر ملازمین کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔