بارہمولہ //قتل کے ایک مقدمے کے سلسلے میںسب جیل بارہمولہ میں نظر بندحاجن بانڈی پورہ کا ایک45سالہ قیدی فوت ہوگیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس کی موت دماغ کی نس پھٹنے سے واقع ہوئی ہے۔سب جیل بارہمولہ میں نظر بند غلام نبی بٹ ولد عبدالخالق ساکن ہاکہ بارہ حاجن بانڈی پورہ نے سر میں شدید درد کی شکایت کی جس کے بعد اسے فوری طور پر ضلع اسپتال بارہمولہ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ ابتدائی طبی تشخیص کے مطابق غلام نبی کی موت دماغ کی نس پھٹنے سے ہوئی ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ غلام نبی کو کچھ ماہ قبل اس کے دو بیٹوں سمیت قتل کے ایک کیس کے سلسلے میں حراست میں لیکر نظر بند کیا گیا اور ابھی یہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن سمبل میں ایف آئی آر زیر نمبر50/2017زیر دفعہ302آر پی سی درج ہے۔مذکورہ شہری کے دو بیٹے بھی سب جیل بارہمولہ میں قید ہیں۔طبی اور قانونی لوازمات کی ادائیگی کے بعد جب اس کی میت اس کے ورثاءکے سپرد کی گئی تو علاقے میں صف ماتم بچھ گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس بات کی چھان بین کی جائے گی کہ قیدی کی موت کن حالات میں اور کن وجوہات سے ہوئی؟