سب انسپکٹر فاروق احمد کی ہلاکت ۔4افراد کیخلاف چارج شیٹ داخل

بلال فرقانی

سرینگر//خصوصی تفتیشی یونٹ (SIU) اونتی پورہ نے ایف آئی آرنمبر 71/2022 کیس میں سب انسپکٹر فاروق احمد کے قتل سے متعلق این آئی ای سرینگر کی عدالت میں چارج شیٹ داخل کی۔ ملزم اویس مشتاق گنائی ولد مشتاق احمد گنائی ساکن سانبورہ اور ہلاک شدہ ملی ٹینٹ ماجد نذیر (تنظیم البدر)ولد نذیر احمد وانی ساکن لدھو پانپورکے خلاف چالان پیش کیا گیا جبکہ اس کے علاوہ 2 نابالغ ملزمان کے خلاف چالان جووینائل جسٹس بورڈ پلوامہ کی معزز عدالت میں پیش کیا گیا۔دوران تفتیش، مختلف مشتبہ افراد کو وقتا فوقتا پوچھ گچھ کے لیے بلایا گیا اور 24مئی 2022کو اویس مشتاق گنائی نے جرم کی واردات میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔اس کے انکشاف پر، دو نابالغوںکو ملی ٹینٹ تنظیم البدر کے ایک سرگرم ملی ٹینٹ ماجد نذیر ولد نذیر احمد وانی ساکن لدھو کے ساتھ پولیس افسر فاروق احمد کے قتل میں سرگرم ملوث ہونے اور کردار ادا کرنے پر گرفتار کیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ تینوں ملزمان سرگرم ملی ٹینٹ کے ساتھی تھے اور ماجد نذیر وانی کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے جس نے انہیںنرم اہداف پر حملہ کرنے کے لیے اسلحہ اور گولہ بارود دیا تھا۔ماجد نذیر کو21 جون کو تجن پلوامہ میں جھڑپ کے دوران مارا گیا ۔