سرینگر//محکمہ خزانہ نے تمام انتظامی سیکریٹریوں کو مطلع کیا ہے کہ اپنے ماتحت پنشن منظوری کرنے والے حکام کو سبکدوش ہونے والے جموں کشمیر کے ملازمین کی سروس بکوں کو اکائونٹننٹ جنرل کو پیش کرنے سے قبل ،تنخواہوںکے تعین و ضوابط کی جانچ کرنے کی ہدایت دیں۔ فائنانس کمشنر( ایڈیشنل چیف سیکریٹری) خزانہ اتل ڈھلو نے جمعہ کو ایک سرکیولر جاری کیا جس میں کہا گیا’’پرنسپل اکائونٹنٹ جنرل نے مکتوب زیر نمبر PVCJ/HOD's/2021-22/522 محررہ 23نومبر2021 کے ذریعے محکمہ خزانہ کے نوٹس میں لایا ہے کہ محکمہ خزانہ کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق سرکلر نمبر محررہ 24 جولائی 2019A/25(2014)-1003اور سرکیولر A/Codes/Pension/2020-165 محررہ11فروری2021 کے مطابق سرکاری ملازمین کی سروس بک، جو کہ یکم جنوری2024سے یکم جون2024تک ریٹائر ہونے والے ہیں، کی پہلے مرحلے میں جانچ کی جا رہی ہے۔ سرکیولر میں کہا گیا ہے’’پرنسپل اکائونٹنٹ جنرل جموں کشمیر نے یہ بھی نشاندہی کی ہے کہ ملازمین کی سروس بک کی جانچ پڑتال کے دوران، یہ دیکھا گیا ہے کہ قابل ذکر تعداد میں ملازمین کی تنخواہوں کے تعین اور ضابطے پر متعلقہ قوانین اور حکومتی احکامات کے مطابق صحیح طریقے سے عمل نہیں کیا گیا ہے،جس کے نتیجے میں سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے اور پنشن کے معاملات کے تصفیہ میں قابل گریز تاخیر ہوتی ہے۔‘‘ اتل ڈھلو کی جانب سے جاری سرکیولر کے مطابق اسی مناسبت سے، سرکاری محکموں میں پنشن کی منظوری دینے والے حکام کی رہنمائی کے لیے ایک جانچ فہرست اکاونتنٹ جنرل کے دفتر کی مشاورت سے تیار کی گئی ہے اور اس سرکلر کے ساتھ منسلک ہے۔اس سلسلے میںتمام انتظامی سیکرٹریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے ماتحت پنشن منظور کرنے والے حکام کو ہدایت دیں کہ وہ چیک لسٹ کے مطابق، سروس بک کو اکانٹنٹ جنرل کے دفتر میں تصدیق کے لیے جمع کرنے سے پہلے ملازمین کی تنخواہوں کے تعین اور ضابطے کی جانچ کریں۔