جموں// جانی پور سبزی منڈی پیر کے روز آتشزنی کی واردات میں خاکستر ہونے کی اطلاع ہے۔ جموں ویسٹ اسمبلی مومنٹ کے صدر سنیل ڈمپل نے جاری ایک بیان میں محکمہ پی ڈی ڈی اور ارکان پر آتشزنی کا مبینہ الزام لگایا ہے اور کہا ہے کہ سبزی منڈی میں آگ بجلی کھمبے پر شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہے،جسکی وجہ سے وہاں پر تما م کیبل خاکستر ہوئی ہیں ،نتیجہ کے طور پر علاقہ کے کئی علاقوں میں بجلی گل ہوئی ہے۔ آتشزنی پرمحکمہ کے خلاف ناراضگی کا اظہار کرنے کیلئے علاقہ کے تاجروں نے زیر قیادت سنیل ڈمپل ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پی ڈی ڈی اور ارکان پر الزام لگایا کہ انہوں نے غیر معیاری کیبل اور ایم سی بی بُکس لگائے ہیں ،جسکی وجہ سے صارفین کو اکثر نقصان اُٹھانا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز امبپھلا۔نیو پلاٹ روٹ پر ناقص کیبل شارٹ سرکٹ کی وجہ سے خاکستر ہوئی ہے۔انہوں نے مبینہ الزام لگایا کہ شہر کے دیگر علاقوں سے بھی ایم سی بی بُکس تباہ ہو جانے کے اطلاعات ہیں ،جسکی وجہ سے صارفین کے قیمتی الیکٹرانک سامان کو نقصان ہواہے۔انہوں نے گورنر کی جانب سے چوبیس گھنٹے بجلی فراہم اور پانی کی معقول سپلائی کی یقین دہانی کھوکھلی ثابت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں ویسٹ اسمبلی حلقہ میں طویل مدتی بجلی کٹوتی رہتی ہے اور کئی علاقوں میں پانی ہفتہ وار سپلائی کیا جاتا ہے۔مظاہرین میں روی دتہ، ہربنس ٹنڈن،دیویندر کمار، مہندر کمار، رام دیال، منجیت آنند، سنجے ناگراج، چمن پوار، ستپال کوہلی،شنکر داس، دیپک کمار، جگدیش گپتا، رمیش چندر، کالا سنگھ ،پپوکمار، وجے،سنجے گپتا،امت گپتا و دیگران بھی شامل تھے۔