سبزیوں کے بیجوں کی پیداوار میں اضافہ

بانڈی پورہ// ضلع بانڈی پورہ میں مرکزی اسکیموں پر عمل آوری پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے، ڈائریکٹر زراعت کشمیر چوہدری محمد اقبال نے جوائنٹ ڈائریکٹر فارمز اقبال سنگھ کے ہمراہ ضلع میں سبزیوں کے بیج ملٹی پلیکشن فارم کا ایک مختصر دورہ کیا۔ ڈائریکٹر نے متعلقہ افسران، کسانوں اور ضلع کے دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت کی۔اس موقع پر چوہدری اقبال نے متعلقہ دفتر سے کہاکہ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کہ مختلف سبزیوں کی فصلوں کی زیادہ سے زیادہ بیج لگانے کی ضرورت کو محکمانہ بیج فارموں سے پورا کیا جائے اور بیج وقت پر اچھی طرح دستیاب ہو۔ انہوں نے گھریلو بیج/سیڈنگ کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے محکمہ زراعت کے فارموں کے کام کو مزید ہموار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈائریکٹر زراعت نے نامیاتی سبزیوں کی کاشت کو فروغ دینے کے لیے محکمے کے عزم کا اعادہ کیا اور کیمیائی کھادوں پر انحصار کم کرنے اور نامیاتی کھاد اور ورمی کمپوسٹ جیسے پائیدار متبادل کی طرف منتقل ہونے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ڈائریکٹر زراعت نے کہا کہ محکمہ سبزیوں کے شعبے میں نئی جہتیں/مارکیٹنگ کے اختیارات شامل کرنے کے لیے ایک روڈ میپ پر کام کر رہا ہے کیونکہ اس میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور کاشتکار برادری کی سماجی و اقتصادی تبدیلی کی بڑی صلاحیت ہے۔