ساگر نے شہر خاص کا دورہ کیا

سرینگر// نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگرنے منگل کو شہر خاص کے متعدد علاقوں کا دورہ کیا اور دورے کے دوران انہوں نے لوگوں کو درپیش مسائل و مشکلات کی جانکاری حاصل کی اور ساتھ ہی تعمیر و ترقی کے کاموں کا جائزہ بھی لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے قدیم ہسپتال ایس آر گنج کو 4لاکھ 18ہزار روپے مالیت کی ایمبولنس واگذار کی۔ جبکہ شہام پورہ نوہٹہ میں نئے راشن گھاٹ کا بھی افتتاح کیا جس پر 4لاکھ 75روپے خرچ کئے گئے ہیں۔ انہوں نے ہسپتال کے معالجین پر زور دیا کہ وہ اسپتال میں کام وکاج میں مزید سرعت لائیں اور مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فرہم کی جائے۔اُن کے ہمراہ محکمہ صحت اور امور صارفین کے علاوہ دیگر محکموں کے کئی اعلیٰ افسران بھی تھے۔ ساگر نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر میں تعلیم اور مفتی طبی سہولیات کو عام کرنے کیلئے نیشنل کانفرنس کا کلیدی رول رہا ہے اور یہ جماعت آج بھی انہی اصولوں پر قائم ہے۔ اس کے علاوہ ساگر نے لوگوں کے مسائل و مشکلات سنے اور متعلقہ حکام کو ان کا سدباب کرنے کی ہدایت بھی دی۔ لوگوں نے جگہ جگہ سڑکوں کی خستہ حالی، راشن اور پانی کی قلت اور بجلی کی نایابی کے بارے میں شکایات کی ۔