ساگرہ پنچایت میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت

مینڈھر //مینڈھر کی سرحدی تحصیل منکوٹ کی ساگرہ پنچایت میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کی وجہ سے عام لوگوں کومشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مکینوںنے محکمہ جل شکتی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ساگرہ پنچایت کی وارڈ نمبر ایک میں گزشتہ چھ ماہ سے سپلائی پاپئیں ٹوٹی ہوئی ہیں لیکن ملازمین کی جانب سے ابھی تک پاپئیں ٹھیک نہیں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین ڈیوٹی پر حاضر ہی نہیں ہوتے جس کی وجہ سے سپلائی بحال ہی نہیں ہوسکی ہے ۔پنچایتی اراکین نے بتایا کہ محکمہ کے ملازمین کی مبینہ لاپرواہی کی وجہ سے علاقہ کے لوگوں بالخصوص خواتین کو کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کر کے پینے کا صاف پانی لانا پڑرہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں پانی کی سپلائی کو بحال کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں جبکہ لاپرواہ ملازمین کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔