ساوجیاں میں مسافر گاڑی حادثے کاشکار ، 8 افراد زخمی

منڈی// تحصیل منڈی کے علاقہ ساوجیاں میں ایک مسافر گاڑی حادثے کی شکار ہوئی جس میں سوار آٹھ افراد زخمی ہوگئے ۔پولیس ذرائع کے مطابق ساوجیاں سے منڈی کہ طرف ایک مسافر گاڑی زیر نمبر1419-JK12جارہی تھی کہ گنتڑکے مقام پر گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر حادثے کا شکار ہو گئی جس کی وجہ سے گاڑی میں سوار 8مسافر زخمی ہو گئے ۔زخمیوں کو مقامی لوگو ں اور پولیس کی مدد سے ساوجیاں کے نزدیکی ہسپتال لایا گیا جہاں سے انہیں ابتدائی علاج کے بعد سب ضلع ہسپتال منڈی منتقل کیا گیا جن میں سے دو شدید زخمیوں کو ضلع ہسپتال لے جایا گیا ۔حادثے میں زخمی ہوئے افراد کی شناخت عبدل مجید ولد عبداللہ بٹ،پروین اختر زوجہ محمد دین،مشتاق احمد ولد غلام محمد،فاروق احمد ولد عبدل رحمان،پروین اختر زوجہ نظیر احمد،بشیر احمد ولد محمد دین، عطیقہ بیگم زوجہ محمد ابراہیم، نسیم بیگم زوجہ بشیر احمد کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے پولیس سٹیشن منڈی میں ایک کیس درج کرلیا ۔حادثے کے بعد ڈرائیوروں نے ساوجیاں میں انتظامیہ کیخلاف اپنا احتجاج درج کرواتے ہوئے کہاکہ ساوجیاں میں سڑکوں کی خستہ حالی کی وجہ سے روزانہ مذکورہ نوعیت کے حادثات رونما ہو رہے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ سڑک کے کناروں پر جگہ جگہ بڑے بڑے کھڈے پڑے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے دونوں جانب سے آنے والی گاڑیوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہتا ہے ۔۔مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ تعمیر اتی ایجنسی کے غیر معیاری کام کی وجہ سے ٹرانسپورٹروں و عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سڑکوں کو جلدازجلد معیاری بنایا جائے ۔