حسین محتشم
پونچھ // ماڈل ہائر سیکنڈری سکول ساوجیاں پونچھ میں ایک سیمینار اور پینٹنگ مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ طلباء کو آگاہ کیا گیا کہ کوڑا اٹھانے اور درخت لگانے جیسی سرگرمیوں میں حصہ لے کر ہم اپنے سیارے کو آلودگی سے بچانے کے لئے اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔طلباء سے خطاب کرتے ہوئے جغرافیہ کے لیکچرر عارف ملک نے بتایا کہ یہ دن پہلی بار 22 اپریل 1970 کو منایا گیا تھا کیونکہ امریکہ میں ماحولیات کے تحفظ کا دن اب عالمی دن بن چکا ہے تاکہ ارد گرد صاف ستھری رہائش گاہوں کو فروغ دینے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جائیں۔ پروگرام کے ناظم سلیم ریشی نے حاضرین کو آگاہ کیاکہ یہ سب سے پہلے اس وقت شروع ہوا جب امن کارکن جان میک کونیل نے سان فرانسسکو میں یونیسکو کی ایک کانفرنس کے دوران سیارے اور امن کے تصور کو عزت دینے کی تجویز پیش کی۔یہ دن ہمیں یہ بھی یاد دلاتا ہے کہ ہمارا سیارہ کتنا نازک ہے اور اسے عالمی موسمیاتی بحران سے بچانا کتنا ضروری ہے جو ہر گزرتے دن کے ساتھ بگڑ رہا ہے۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل ماڈل ہائرسیکنڈری سکول ساوجیاں انور خان نے کہا کہ یوم ارض 2022 کا تھیم ‘ہمارے سیارے میں سرمایہ کاری’ ہے، انہوں نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ پائیدار طریقوں کی طرف بڑھیں۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ واحد استعمال پلاسٹک کے استعمال سے گریز کریں اور ارد گرد کوڑا کرکٹ پھینکنے سے بھی گریز کریں۔ جن دیگر نے خطاب کیا ان میں پرویز خان، بلبیر سنگھ، فردوس انجم، عبدالغنی، رشمی سودن محمد حیات اور سرفراز احمد شامل تھے۔