عشرت حسین بٹ
پونچھ//ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ جموں نے آدھار شیلا پورٹل شروع کیا ہے تاکہ اسکول جانے والے تمام بچوں کی آدھار سے منسلک رجسٹریشن کی جائے تاکہ طلباء کی رجسٹریشن کی نقل کی جانچ کی جاسکے۔ اس سلسلے میں کلسٹر ہائر سیکنڈری اسکول ساوجیاں کے تحت آنے والے ایجوکیشنل زون منڈی پونچھ کے 53 اسکولوں کے اساتذہ کو آدھار شیلا پورٹل کے استعمال کے بارے میں ایک وسیع تربیت فراہم کی گئی۔ ٹریننگ کا اہتمام ماڈل ہائیر سیکنڈری سکول ساوجیاں کے ملٹی پرپز ہال میں کیا گیا۔ یہ تربیت پورٹل کے بارے میں مکمل معلومات رکھنے والے ریسورس پرسنز نے دی تھی۔ تربیت دینے کیلئے جدید ترین آئی سی ٹی ٹولز کا استعمال کیا گیا۔ اساتذہ کو پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے ایک سکول سے دوسرے سکول میں طلباء کی رجسٹریشن، اضافہ، ڈیلیٹ، امپورٹ اور ایکسپورٹ کے بارے میں تربیت دی گئی۔ تربیت کشمیری شاہنواز، جاوید رضا اور سلیم بھٹ نے فراہم کی۔ آدھار شیلا پورٹل کے تمام مراحل کا عملی طور پر اساتذہ کو مظاہرہ کیا گیا۔ ٹریننگ کے آغاز پر انور خان پرنسپل ماڈل ہائر سیکنڈری سکول ساوجیاں نے اساتذہ سے بات چیت کرتے ہوئے تربیت حاصل کرنے والوں پر زور دیا کہ وہ پوری توجہ دیں اور اپنے متعلقہ سکولوں کے آدھار شیلا سے متعلق کام کو مقررہ وقت میں مکمل کریں۔ انہوں نے اس طرح کے مفید تربیتی پروگرام کے انعقاد پر زونل ایجوکیشن آفیسر منڈی بشیر احمد کا بھی شکریہ ادا کیا۔