سانبہ میں قومی شاہراہ کی تعمیر کیلئے جبری اراضی حصولی پر منجیت سنگھ برہم شہید امرناتھ بھگت کو خراج عقیدت پیش ، کہاانتظامیہ لوگوں کے تئیں امتیازی رویہ ختم کرے

سانبہ//اپنی پارٹی صوبائی صدر جموں اور سابقہ کابینہ وزیر سردار منجیت سنگھ نے سانبہ میں قومی شاہراہ کی توسیع اور ایکسپرس وے کی تعمیر کے لئے لوگوں سے جبری اراضی حصولی پر سخت برہمگی کا اظہار کیا ہے۔وجے پور میں پارٹی لیڈروں اور کارکنوں کے ماہانہ اجلاس میں انہوں نے کہاکہ سانبہ کے گائوں چک منگا گجراں کے لوگوں میں سخت غم وغصے کی لہر ہے جہاں محکمہ مال حکام نے پولیس طاقت کا استعمال کر کے غریب لوگوں سے قومی شاہراہ کی تعمیر کے لئے اْن کی ملکیتی اراضی جبری چھینی۔انہوں نے کہا’’اِن کنبوں سے مشورہ نہیں کیاگیا بلکہ انتظامیہ نے اْنہیں اجلاس کے لئے ہیڈکوارٹر پر طلب کر کے گمراہ کیا اور اْن سے میٹنگ نہ کی۔ اِس میٹنگ کی آڑ میںگائوںوالوں کی زمین خواتین کے سخت احتجاج کے باوجود چھین لی۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں میں یہ غصہ پورے ضلع کے اندر احتجاج کی صورت میں پھوٹے گئے کیونکہ لوگوں سے بہت زیادہ نا انصافی کی گئی ہے۔ اراضی مالکان کو مارکیٹ قیمت سے بہت کم معاوضہ دیاجارہا ہے۔

 

 

سابقہ وزیر نے کہاکہ متعدد لوگ جن کی تجارتی املاک تھیں اور وہاں پر اپنا کاروبار چلارہے تھے، کا ذریعہ معاش چھین گیا ہے اور اْنہیں بہت کم قیمت دی گئی ہے۔ سانبہ کے لوگوں کی مشکلات کو اْجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ لوگوں کا الزام ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا نے اْن کے قریبی علاقوں میں لوگوں کو زیادہ معاوضہ دیا جبکہ اْنہیں کم دیاجارہا ہے۔چک منگا گجراں میں لوگوں کو سال 1952کو حکومت نے زمین الاٹ کی تھی لیکن اْنہیں کسی قسم کا معاوضہ دیاگیا اور نہ ہی اْنہیں اپنی بات انتظامیہ میں کسی بھی سطح پر رکھنے کا موقع فراہم کیاگیا۔ متعدد لوگ جن کی 200کنال زمین اتھارٹیز نے ٹرمینل اور ایکسپریس کے دیگر تعمیری کام کی غرض سے لی ہے، اْن کے ساتھ دھوکہ کیاگیاہے۔سانبہ میں شاہراہ کے برلب تعمیر دکانوں کو گرا دیاگیا ہے اور 1965اور1971کے بے گھر افراد اور رفیوجیوں کو اْن کی اراضی کا معاوضہ نہیں دیا گیا جبکہ حکومت نے اْنہیں کسٹوڈین زمین کے مالکانہ حقوق دینے کا یقین دلایا ہے۔ ترقی کے نام پر ایک جگہ سے دوسری جگہ لوگوں کو بے گھر کرنے والی انتظامیہ کے پاس متبادل جگہ پر بازآبادکاری کا کوئی منصوبہ نہیں۔ شاہراہ پر دکانداروں نے جو اپنی دکانیں تعمیر کی تھیں، اْن کو گرا دیا گیا لیکن جب انہوں نے اپنی زمین پر دوبارہ دکانیں تعمیر کرنا شروع کیں تو جموں ڈولپمنٹ اتھارٹی کود پڑی اور گائوں والوں، مالکان اور دکانداروں کو ہراساں کرنا شروع کر دیا۔انہوں نے ایل جی منوج سنہا سے مطالبہ کیاکہ وہ ذاتی مداخلت کر کے لوگوں کو پریشان کرنے کے عمل کو بند کریں۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو ہدایات جاری کی جائیں کہ وہ لوگوں کو ہراساں نہ کرے۔اس سے قبل سردار منجیت سنگھ نے شہید امرناتھ بھگت جی کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے سماج کے کمزور طبقہ جات کو ریزرویشن دینے کے لئے تحریک شروع کی اور اْن کی تعلیمی، سماجی، اقتصادی اور سیاسی بہتری کے لئے کام کیا۔