نیوز ڈیسک
جموں//سرحدی حفاظتی فورس(بی ایس ایف) نے جمعرات کہا کہ اس نے سانبہ ضلع میں بین الاقوامی سرحد کے نزدیک سرحدکے آر پار سرنگ کا پتہ لگاکر آئندہ امرناتھ یاترا میں خلل ڈالنے کے پاکستان میں مقیم ملی ٹنٹ گروپوں کے منصوبوں کو ناکام بنا یا ۔ بی ایس ایف حکام نے بتایا کہ 150 میٹر لمبی سرنگ کا پتہ بدھ کی شام سانبہ میں چک فقیرہ سرحدی چوکی کے تحت ایک علاقے میںلگایا گیا۔ ڈی آئی جی ایس پی ایس سندھو نے کہاکہ سرحدکے آرپاراس سرنگ کی کھوج کے ساتھ، فورس نے جموں نے آنے والی امرناتھ یاترا میں خلل ڈالنے کے پاکستان میں مقیم ملی ٹنٹ گروپوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا یا ہے۔انہوںنے کہاکہ بین الااقوامی سرحدکے بالکل نزدیک یہ سرنگ تازہ کھودی گئی تھی اور پاکستان کی طرف سے نکلی تھی۔ سندھو نے کہا کہ سرنگ کا دہانہ تقریباً 2فٹ تھا اور اب تک21 ریت کے تھیلے، جو سرنگ کے باہر نکلنے کو مضبوط بنانے کیلئے استعمال ہوتے تھے، برآمد کئے گئے ہیں۔ سندھو نے کہا کہ خیال کیا جاتا ہے کہ زیر زمین سرنگ کو پاکستان میں مقیم جیش محمدکے 2 خودکش بمباروں نے ہندوستان میں گھسنے کیلئے استعمال کیا تھا۔سیکورٹی حکام کاکہناتھاکہ بین الاقوامی سرحد سے 150 میٹر کے فاصلے پر اور سرحدی باڑ سے 50 میٹر کے فاصلے پر ایک نئی کھودی گئی سرنگ پاکستانی پوسٹ چمن خورد (فیاض) کے سامنے ملی جو ہندوستان کی جانب سے900 میٹر کے فاصلے پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرنگ کا دہانہ سرحدی چوکی چک فقیرہ سے تقریباً 300 میٹر اور آخری ہندوستانی گاؤں سے700 میٹر کے فاصلے پر تھا۔بی ایس ایف،فوج کے ساتھ مل کر بین الااقوامی سرحداور لائن آف کنٹرول کے تقریباً 192 کلومیٹر تک کام کر رہی ہے اور سرحد پار سے دہشت گردوں کی دراندازی، ہتھیاروں اور منشیات کی اسمگلنگ اور ڈرون سرگرمیوں کی کسی بھی کوشش کو روکنے کے لیے سخت نگرانی کر رہی ہے۔