سانبہ میں المناک حادثہ| کنبے کے 4افراد سمیت 5 لقمہ اجل

جموں// سانبہ ضلع کے مانسرعلاقے کے قریب ہفتہ کو ایک گاڑی گہری کھائی میں گری، جس سے ایک ہی کنبے کے 4 افراد سمیت 5 افراد لقمہ اجل اور ایک زخمی ہو گیا۔ادھر کپوارہ میں ٹپر کھائی میں لڑھک جانے سے ڈرائیور جاں بحق ہوا۔ایس ایچ اوسانبہ دیپک جسروٹیا نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کارزیر نمبر JK03E-2540 ، جس میں 6 افراد سوار تھے، آج صبح امرتسر سے سری نگر جا رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ غالباً ڈرائیور گاڑی پر کنٹرول کھو بیٹھا اور وہ سڑک سے پھسل کر مانسر کے قریب کھائی میں جاگری۔ پرائیویٹ گاڑی میں سوار5 کی موقع پر ہی موت ہو گئی تھی، جبکہ ایک شدید طور پر زخمی ہوا۔مہلوکین کی شناخت قاضی گنڈ، کولگام کے رہائشی 60 سالہ گلزار احمد بٹ ولد خالق بٹ ساکن اننت ناگ، اس کی اہلیہ 60 سالہ زینہ بیگم اور ان کے دو بچے 30 سالہ بیٹا محمد اقبال اور 20سالہ بیٹی مسرت جان کے علاوہ 70 سالہ محمد اکبر چوپان کے بطور ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کار میں سوار ایک اور سوار شخص ثاقب، ساکن اننت ناگ، زخمی ہوا ہے۔ ثاقب، جو کہ ممکنہ طور پر ان کا رشتہ دار بھی ہے، کو فوری طور پر سانبہ ڈسٹرکٹ ہسپتال لے جایا گیا۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ چوپان کا تعلق بھی خاندان سے تھا یا نہیں۔ جسروٹیا نے کہا کہ پانچوں لاشوں کو شناخت اور دیگر قانونی کارروائیوں کی تکمیل کے بعد دوپہر کو ان کے قانونی ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔ وہ ثاقب کو بھی ساتھ لے گئے تھے، جو زخمی تھا، اس کی حالت مستحکم تھی۔ ادھر ضلع کپوارہ میں اس وقت کہرام مچ گیا جب ریت سے بھرا ایک ٹپر لڑھک کر نالہ پہرو میںجاگرا۔ اس حادثہ میں ٹپر ڈرائیور لقمہ اجل بن گیا ۔ ہفتہ کی دوپہر ایک ٹپر علاقہ نگری سے ریت لے کرجا رہا تھا اور شاٹھ مقام کے نزدیک لڑھک کر نالہ پہرو میں جاگرا ۔ لوگو ں کی ایک بڑی تعداد وہاں پہنچ گئی اور بچائو کارروائی شروع کی جبکہ پولیس کی ایک ٹیم بھی جائے واردات پر پہنچ گئی۔کئی گھنٹوں کے بعد مقامی لوگو ں اور پولیس نے جواں سال ڈرائیور فیا ض احمد ڈار ساکن چک درگمولہ کی لاش بر آمدکی ۔مقامی لوگو ں نے واقعہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے الزام لگایا کہ نالہ پہرو کے آس پاس گہرے کھڈ بن چکے ہیں اور حادثہ کی بھی یہی وجہ ہے ۔ لوگو ں کا مطالبہ ہے کہ نالہ پہرو سے ریت نکالنے کا عمل فوری طور بند کیا جائے ۔احتجاجی مظاہرو ں کے بعد تحصیلدار درگمولہ اور پولیس کی ایک ٹیم وہا ں پہنچ گئی اور لوگو ں کو یقین دلایا کہ معاملہ کی تحقیقات کی جائے گی جبکہ مزکورہ تحصیلدار نے تاحکم ثانی نالہ پہرو سے ریت نکالنے کے عمل پر روک لگایا جس کے بعد لوگو ں نے اپنا احتجاج ختم کیا ۔
 

لیفٹیننٹ گورنر کا اظہار افسوس

نیوز ڈیسک
سرینگر // لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اس المناک واقعہ پر اپنے غم کا اظہار کیا اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ٹویٹ میں کہا"مانسر، سانبہ سڑک حادثے میں جانوں کے ضیاع کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا، سوگوار خاندانوں سے میری گہری تعزیت، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہیں۔