سانبہ میںضلع ترقیاتی بورڈ میٹنگ

 مختلف سکیموں کے فوائد زمینی سطح پر لوگوں تک پہنچایا جائے : نرمل سنگھ
جموں//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے مرکزی معاونت والی سکیموں کے بارے میں عوامی بیداری بڑھانے پر زور دیا بالخصوص دیہی علاقوں میں لوگوں کو ان سکیموں کے بارے میں جانکاری دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ان سکیموں کے فوائد زمینی سطح پر لوگوں تک پہنچیں۔ان باتوں کا اظہار نائب وزیر ا علیٰ نے ضلع سانبہ کی ضلع ترقیاتی بورڈ میٹنگ سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر سنگھ متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ’’ من کی بات‘‘ پروگرام کو ایک سرکاری فیچر کے طور پر ترتیب دیں تاکہ لوگوں کو مختلف سکیموں کے بارے میںجانکاری حاصل ہو اور حکومت کی کوششوں کے بارے میں بیداری حاصل ہو۔نائب وزیر اعلیٰ نے صحت ، تعلیم ،سڑکیں ، بجلی ، پینے کے پانی فراہمی ، زراعت و دیگر سیکٹروں میں حصولیابیوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے اس موقعہ پر سال 2018-19کے لئے مختلف ترقیاتی کاموں کو انجام دینے کے لئے 90.24کروڑ روپے کا سالانہ منصوبے کی منظور ی دی۔ممبر پارلیمنٹ جگل کشور شرما، شمشیر سنگھ منہاس ،وائس چیئرمین ایس بی ڈی ایس سی بھوشن لال ڈوگرہ ، وائس چیئرمین ایس اے بی ڈبلیو ڈی برائے او بی سی یشپال ورما، وائس چیئرمین ایس اے بی ڈی کے دلجیت سنگھ چب ، ایم ایل اے وجے پور چندر پرکاش گنگا ،ایم ایل اے سانبہ ڈاکٹر دویندر کمار منیال ، ایم ایل اے ہیرا نگر کلدیپ راج ،ایم ایل سی رانی گارگی بلوریہ ، ایم ایل سی شیام لا ل بھگت ، ڈویژنل کمشنر جموں ہمنت کمار ، ڈپٹی کمشنر راجندر سنگھ تارا ، ایس ایس پی انیل منگوترا ،مختلف محکموں کے سربراہاں اور ضلع افسران میٹنگ میںموجود تھے۔ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ زراعت ، باغبانی ، پشو و بھیڑ پالن اور دیگر محکموں کو آپسی اشتراک کے ساتھ کام کرنا ہوگا تاکہ زراعت سے وابستہ لوگ مستفید ہوں ۔ممبر پارلیمنٹ او رمختلف بورڈوں کے وائس چیئرمینوں نے اس موقعہ پر اپنے قیمتی تجاویز پیش کیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے بجلی محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ سوبھاگیہ عمل میں سرعت لائیں جو ایک مرکزی معاونت والی سکیم ہے اور اس سے ستمبر 2018ء تک مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔محکمہ دیہی ترقی میں سیمنٹ کی قلت کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین نے دیہی ترقی محکمہ کے ڈائریکٹر کو اس مقصد کے لئے رقومات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ آر ای ٹی اساتذہ کو تعینات کرنا بند کریں۔ایم ایل اے سانبہ دویندر منیال نے اس موقعہ پر کئی معاملات ابھارے جن میں سانبہ میں قومی شاہراہ کو وسعت دینے کا معاملہ بھی شامل ہے ۔چیئرمین نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ نئے بس سٹینڈ سانبہ میں کھانچہ فروشوں کو بحال کرنے کے اقدامات کریں ۔ممبر پارلیمنٹ جگل کشور شرما نے ننگا گائوں میں ایک طبقے کے مسائل میٹنگ میں اُبھارے جنہیں بورڈ کے دیگر ممبران نے بھی تائید کی۔چیئرمین نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ان مسائل کے حل کے لئے اقدامات اٹھائیں۔تمام ضلع ترقیاتی بورڈوں میں لئے گئے فیصلوں کی عمل آوری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان فیصلوں کے فوائد زمینی سطح پر لوگوں تک پہنچیں ۔رقومات کی بہتر تصرف پر اطمینا ن کا اظہار کرتے ہوئے نائب وزیراعلیٰ نے پلان آوٹ لے اور اصل رقم کی دستیابی کے درمیان فرق کرنے پر زور دیا۔اس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر سانبہ راجندر سنگھ تارا نے سال 2017-18کے دوران ضلع میں مختلف سیکٹروں کے تحت طبعی اور مالی حصولیابیوں پر ایک پاور پوائنٹ پرزنٹیشن پیش کی۔انہوںنے بورڈ کو اطلاع دی کہ دستیاب 57.55کروڑ روپے میں سے لگ بھگ 92فیصد رقم خرچ کی گئی ۔