سرینگر//تحریک حریت،تحریک مزاحمت،لبریشن فرنٹ ( آر ) اور پیپلز لیگ نے سانبورہ میں جیش محمد نامی عسکری تنظیم کے جاں بحق ہوئے کمانڈرکو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ سرفروش قوم کی آزادی کیلئے اپنی قیمتی جانیں قربان کر رہے ہیں۔ تحریک حریت کے بشیر احمد قریشی، رمیض راجہ، سجاد احمد، عبدالاحد اور جاسف احمد پر مشتمل ایک وفد نے ترال جاکر موصوف کو خراج عقیدت ادا کیا۔ اس موقع پر تعزیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بشیر احمد قریشی نے کہا کہ نور محمد نے اپنی پوری زندگی جدوجہدِ آزادی اور اسلام کے غلبے کے لیے وقف کی تھی اور اسی وجہ سے اس کو عمر قید کی سزا سُنائی تھی، لیکن اس جوان نے جیل کی چاردیواری میں زندگی رگڑ رگڑ کر موت کو گلے لگانے کے بجائے عزیمت کا راستہ اختیار کرنے کو ترجیح دی۔ اس دوران تحریک حریت ضلع اسلام آباد نے محمد یوسف مکرو کی قیادت میں نثار احمد ارن ہال کے گھر جاکر اُن کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کی اور مرحومہ کے حق میں جنت نشینی کی دُعا کی۔تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال احمد صدیقی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ موصوف تحریک آزادی کے ان بیباک سالاروں میں سے تھے جنہوں نے کسی بھی قسم کے حالات کی پرواہ کئے بغیر زندگی بھر مشعل مزاحمت کو روشن رکھا اور آپنی آخری سانس تک اپنے خون کے آخری قطرہ تک اس کا حق ادا کر کے مزاحمتی تاریخ کا ایک زریں باب رقم کیا۔ بلال صدیقی نے شیخ مصعب اور رفیق احمد کے ہمراہ ترال جاکر اُن کے لواحقین کے ساتھ تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔لبریشن فرنٹ ( آر ) کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ’ ہم اس درد اور جدائی کو محسوس کررہے ہیںاور کہا کہ عتاب و عذاب کی ریاستی پالیسی نے ریاست کو ایک بڑے قبرستان میں تبدیل کررکھا ہے جہاں کسی باضمیر اور آزادی پسند کو براداشت نہیںکیا جارہا ہے ‘۔ پیپلز لیگ کے محبوس چیئرمین غلام محمد خان سوپوری اور قائمقام چیئرمین سید محمد شفیع نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ”ہمارے یہ سرفروش قوم کو آزاد کرانے کیلئے اپنی قیمتی جانیں قربان کر رہے ہیں“۔ اس دوران لیگ کا ایک وفد سینئر رہنماءعبدالرشید ڈار کی قیادت میں ترال گیا جہاں انہوں نے عسکری کمانڈر نور محمد تاترے کے گھر جاکر تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکیا۔