سال 2022 بہترین تعلیمی سال ہو گا

سری نگر//پرنسپل سیکرٹری اعلیٰ تعلیم روہت کنسل نے گورنمنٹ کالج برائے خواتین ایم اے روڈ سرینگر میں کشمیر ڈویژن کے ڈگری کالجوں کے پرنسپلوں کے ساتھ ایک جائیزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اعلیٰ تعلیم کو چاہئیے کہ وہ رواں سال کو بہترین تعلیمی سال بنانے کی کوشش کرے ۔ میٹنگ میں سپیشل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ  راکیش بڈیال ، ڈائریکٹر کالجز پروفیسر یاسمین عشائی ، نوڈل پرنسپل کشمیر ڈویژن کالجز ڈاکٹر خورشید احمد خان اور کشمیر ڈویژن کے تمام ڈگری کالجوں کے پرنسپلز نے شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے جموں و کشمیر کے اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو تقویت دینے کے اپنے وژن کا اشتراک کیا ۔ انہوں نے کالجوں میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کیلئے تعلیمی ، تحقیق ، اختراع اور تعاون سمیت ترجیحی شعبوں کا ذکر کیا ۔ نئی تعلیمی پالیسی 2020 کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے پرنسپلوں کو ہدایت دی کہ وہ اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ این ای پی کے جذبے کے تحت کالجوں کو معیار اور روز گار کیلئے کوشاں رہنا چاہئیے ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ موجودہ سیشن کے داخلے جلد ہی یونیورسٹیوں اور کالجوں کے ذریعے شروع کئے جائیں گے ، پورے جموں و کشمیر کے تعلیمی کلینڈر کو یکساں اور قومی کلینڈر کے ساتھ ہم آہنگ کیا جائے گا ۔ پرنسپل سیکرٹری نے این ای پی 2020 کے مطابق کالج پاس آؤٹ کی ملازمت کو بڑھانے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ کالجوں کو تبدیلی کے حقیقی ایجنٹ کے طور پر کام کرنا ہو گا اور این ای پی 2020 کی کامیابی کا انحصار اس بات پر ہے کہ وہ اسے زمینی سطح پر کس حد تک نافذ کرتے ہیں ۔ انہوں نے کالج حکام پر زور دیا کہ وہ تدریس اور تحقیق پر یکساں توجہ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقی ماحولیاتی نظام کو ایک جامع اور کثیر الضابطہ تعلیمی نقطہ نظر کے ذریعے بہتر اور بڑھایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کالجوں کو اعلیٰ معیار کی کثیر الشعبہ /کراس ڈسپلنری تحقیق کو فعال اور حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے یو ٹی انتظامیہ کے اس فیصلے کا حوالہ دیا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تمام اعلیٰ تعلیمی ادارے بتدریج زیادہ خود مختاری کی طرف بڑھیں ۔ انہوں نے کہا کہ تمام ڈگری کالج اس سال این اے اے سی فریم ورک کے تحت ایکریڈیشن یا عارضی رجسٹریشن ( پی اے سی ) کیلئے درخواست دیں گے ۔ پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ تحقیقی اور تدریسی تعاون اور معروف غیر ملکی اداروں کے ساتھ فیکلٹی اور طلباء کے تبادلے کو باہمی طور پر فائدہ مند اور متعلقہ مفاہمت نامے کے ذریعے سہولت فراہم کی جائے گی ۔ قبل ازیں پرنسپل جی سی ڈبلیو ایم اے روڈ پروفیسر نسرین امان نے پرنسپل سیکرٹری کو کالج کی شاندار وراثت کے علاوہ جاری تحقیق اور ہُنر بڑھانے کے منصوبوں کے بارے میں بتایا ۔ اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری نے کالج میگزین ’ دی پامپوش ‘ کا تازہ ترین ایڈیشن بھی جاری کیا ۔