سال 2017۔۔۔کپوارہ ضلع میں 376آتشزدگی وارداتیں

 کپوارہ//سال2017میں ضلع کپوارہ میں 376 آتشزدگی وارداتیں پیش آئیں۔ضلع میں اس وقت 19فائر سروس اسٹیشن قائم ہیں لیکن اسٹیشنوں میں افرادی قوت کی کمی ہے۔اس دوران دور دراز علاقوں میں رہائش پذیر آبادی مزید فائر سروس اسٹیشن قائم کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ضلع میں 2107کے دوران مختلف علاقوں میں 376آتشزدگی وارداتیں رونما ہوئیںجن میں کروڑوں مالیت کی جائیداد جل کر خاکستر ہوئی ۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آتشزدگی کی ان وارداتوں میں 128رہائشی مکانات مکمل طور راکھ خاکسترہوئے جبکہ25عمارتیں بھی تباہ ہوئیںجن میں51دوکانیں قائم تھیں۔آتشزدگی کی ان وارداتوں میں 61گاﺅ خانے اور196گھاس کے انبار اور دھان کی گچھیا ں بھی جل کر خاکستر ہوئیں ۔ضلع کے مختلف علاقوں میں 98کو ٹہار بھی نذرآتش ہوئے۔نقصان کا کل تخمینہ 24کرو ڑ 37لاکھ 96ہزار 5سو روپئے بتا یا جاتا ہے ۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر فائر اینڈ ایمر جنسی سروس کپوارہ عبد الخالق وانی نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ محکمہ کے پاس اگرچہ افراد قوت کی کمی ہے لیکن پھر بھی ضلع بھر میں قائم فائر سروس اسٹیشنوں میں تعینات عملے نے کافی محنت کر کے زیادہ نقصانات سے بچایا ۔انہو ں نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں سڑک رابطے نہ ہونے کی وجہ سے وہا ں پر فائر برگیڈ پہنچنے میں وقت لگتا ہے اور پھر لوگ عملے سے غصہ کر کے بچاﺅ کاروائی میں رکاوٹ ڈالتے ہیں ۔انہو ں نے مزید کہا کہ اس ناگہانی آفت کے دوران لوگو ں کو محکمہ سے تعاون کر نا چاہئے ۔