سالِ نو کا استقبال، پہلگام میں ’سنومیراتھن‘ مقابلے کا افتتاح

 پہلگام //گلمرگ میں سیاحوں کی بھاری آمد کے بیچ محکمہ سیاحت نے وادی میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے نئے سال کی تقریبات پہلگام میں منائیں ۔ محکمہ سیاحت نے پہلگام میں نئے سال کی تقریبات کا آغاز کرتے ہوئے پہلا سنو میراتھن کا انعقاد کیا ہے۔ ناظم سیاحت محمود احمد شاہ نے مقابلوں کا افتتاح پہلگام کلب میں کیا۔ سنو میراتھان کی وجہ سے پہلگام روشن ہوا ہے ۔اتوار کی شام کو محکمہ کی جانب سے ثقافتی پروگرام کے علاوہ موسیقی کی تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا جس سے مقامی لوگوں کے علاوہ سیاح بھی محظوظ ہوئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمود احمد شاہ نے بتایا کہ گلمرگ میں سردی کے دوران سیاحوں کی ایک خاصی تعداد آتی ہے جبکہ دیگر سیاحتی مقامات پر سردی کے دوران سیاحوں کو راغب کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے سال کی تقریبات پہلگام میں منانے کا مقصد پہلگام کو سیاحوں میں مقبول بنانا ہے۔ انہوں نے کہا ’’ پچھلے سال ہم نے گلمرگ میں سکی پروگراموں کا انعقاد کیا جہاں کافی لوگ موجود رہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ برف سے بھری پہاڑیوں کو فروغ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے برف سے بھری پہاڑیوں کو سر کرنے کے مقابلے منعقد کئے تاکہ زیادہ سے زیادہ غیر ملکی سیاحوں کو راغب کیا جاسکے۔ تقریب پر ڈپٹی ڈائریکٹر سیاحت ریاض بیگ ، پیر زادہ ظہور جنرل منیجر جے کے ٹی ڈی سی تبسم کاملی اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔ نئے سال کی تقریبات کا انعقاد محکمہ سیاحت اور کلچرل اکیڈیمی نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔