سرینگر// انتظامیہ نے تمام گزیٹیڈ افسراں کو سالانہ کارکردگی رپورٹ اور غیر منقولہ جائیداد سے متعلق تفصیلات آن لائن طریقے کار سے پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ کی جانب سے جاری سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ ڈاٹا اَپ ڈیٹ کرنے کیلئے مرکزی زیر انتظام خطہ جموں کشمیر کے مختلف محکموں و دفاتر میں تعینات گزیٹیڈ افسراں ماسوائے جونیئر جموں کشمیر انتظامی افسراں اور دیگر ’کے اے ایس‘ افسراں، سالانہ کارکردگی کی رپورٹیں اور اپنی غیر منقولہ جائیداد کی تفصیلات آن لائن رابطہ گاہ لنک https://jkcpis.nic.in/ پر اَپ لوڈ کریں۔ سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں سالانہ کارکردگی رپورٹوں اور غیر منقولہ جائیداد کی تفصیلات سے متعلق معلومات جمع کرنے کیلئے آن لائن لنک تیار کی گئی ہے جو محکموں اور دفاتر کے جو ڈرائنگ وڈسبرسنگ افسراں کی رسائی میں ہیں۔ سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ ڈرائنگ اور ڈسبرسنگ آفسراں ان گزیٹیڈ افسران کی مطلوبہ معلومات کو مقررہ فارمیٹ میں پُر کریں گے۔ سرکیولر میں کہا گیا ہے’’اسی مناسبت سے، تمام محکموں،دفاتر و اداروں کے تمام ڈرائنگ اور ڈسبرسنگ افسراں کویہ معلومات پُرکرنے کیلئے مطلع کیا جاتا ہے‘‘۔سرکیولر میں کا گیا ہے کہ وضع کردہ فارم میں گزیٹیڈ افسر کا نام،ملازم کوڈ، ریاست، نام،تاریخ پیدائش، عہدہ، محکمہ،دفتر کا نام، رپورٹنگ افسر، ضلع، تحصیل، بلاک،تاریخ ترقی، موبائل نمبر،ای میل ایڈریس،تاریخ تقرری اور تاریخ سبکدوشی جیسی معلومات کو درج کیا جانا لازمی ہے۔
سالانہ کارکردگی رپورٹ اورغیرمنقولہ جائیدادکی تفاصیل
