سرینگر//ٹی آر سی میدان کے مصنوعی ٹریف پر جاری جموں کشمیر فٹبال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کھیلے جارہے سالانہ لیگ فٹبال ٹورنامنٹ میں سوموارکو دو میچ کھیلے گئے۔ پہلا میچ رحیم گرینس فٹبال کلب اور آل بلال فٹبال کلب کے درمیان کھیلا گیا ۔دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر برتری حاصل کرنے کے لئے زبردست کوشش کی تاہم کامیابی دونوں میں سے کسی کو بھی نہیں ملی اسطرح میچ برابری پر ختم ہوا۔دوسرا میچ جموں کشمیر پولیس الیون اور جموں کشمیر فاریسٹ الیون کے درمیان کھیلا گیا جس میں شروع میں ہی جموں کشمیر فاریسٹ الیون نے میچ میں پکڑ پانے کی ہر ممکن کوشش کی تاہم کامیابی حاصل کرنے میں ناکام ہی رہے۔جموں کشمیر پولیس الیون کے کھلاڑی نینجوت سنگھ نے میچ کے پہلے حصے کے 29 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو سبقت دلادی۔میچ کے دوسرے حصے کے آغاز میں فاریسٹ الیون کو پنلٹی کک حاصل ہوئی جسے ان کے کھلاڑی رضوان نے گول میں تبدیل کردیا،تاہم جموں کشمیر پولیس الیون نے اپنی پوزیشن مستحکم کی اور دوسرے نصف حصے میں عملی طور پر روایتی انداز میں کھیل پیش کرتے ہوئے میچ پر اپنی پکڑ مضبوط کرتے ہوئے مزید تین گول کرکے میچ کو یک طرفہ کردیا۔جموں کشمیر فاریسٹ الیون کے کھلاڑیوں کے درمیان میچ میں تال میل کی کمی دیکھنے کو ملی جس کے نتیجے میں وہ مخالف ٹیم کا مقابلہ کرنے میں پوری طرح ناکام رہے اور اس طرح جموں کشمیر پولیس نے میچ ایک کے مقابلے میں چار گول سے جیت لیا۔