سالانہ امرناتھ یاترا2019 | سی ای اونے بنیادی کیمپ میں کئے گئے انتظامات کاجائزہ لیا

 اننت ناگ//چیف ایگزیکٹیو آفیسر شری امرناتھ جی شرائین بورڈ ( ایس اے ایس بی ) اُمنگ نرولہ نے یہاں افسروں کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے شری امرناتھ جی یاترا ۔ 2019ء کا نُنون بیس کیمپ میں کئے گئے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر اننت ناگ خالد جہانگیر ، اے ڈی سی اننت ناگ ، سی ای او پی ڈی اے ، جنرل منیجر تعمیرات ، ایس اے ایس بی و دیگر ضلع افسران موجود تھے۔سی ای او نے افسران پر زور دیا کہ وہ یاترا شروع ہونے سے قبل تمام اِنتظامات کو حتمی شکل دیں ۔ انہوں نے سپر انٹنڈنگ انجینئر محکمہ بجلی کو ہدایت دی کہ وہ چند ن واڑی سے آگے ٹریک پر ،سیاحتی شیڈوں ، طبی کیمپوں و دیگر اہم مقامات پر باقاعدہ بجلی کی سہولیات فراہم کریں۔محکمہ بجلی کو اضافی جن سیٹ دستیاب رکھنے کی بھی ہدایت دی گئی۔سی ای او نے تعمیرات عامہ کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اِس مہینے کی 20تاریخ تک پہلگام سے آگے سڑک پر میکڈم بچھانے کے کام کو مکمل کریں۔اُنہوں نے محکمہ صحت عامہ کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ قبل از وقت ٹرانزٹ کیمپوں میں پینے کے پانی کی دستیابی یقینی بنائیں ۔سی ای اونے متعلقہ افسروں کوہدایت دی کہ وہ مقررہ منصوبے کے تحت اہم مقامات پر ٹینٹ قائم کرنے اور ٹینٹوں کے درمیان فائر گیپ قائم رکھنے ،آگ بجھانے والے آلات و دیگر تحفظی اقدامات عمل میں لائیں۔اُنہوں نے سی ایم او اننت ناگ کو تمام سٹیشنوں پر معقول افرادی قوت ، ادویات ، آکسیجن سلنڈر اور ایمبونس کی سہولیت بہم رکھنے کی ہدایات دیں۔اُنہوں نے ٹرانزٹ کیمپوں اور ٹریک کے مختلف مقامات پر صحت و صفائی یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔اس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ نے سی ای او کو یاترا کو احسن طریقے پر چلانے کے سلسلے میں کئے گئے اِنتظامات کے بارے میں جانکاری دی۔اُنہوں نے کہا کہ گلاب باغ میں ایک اضافی ٹرانزٹ کیمپ قائم کیا گیا ہے اور ویسو میں بھی ایک کیمپ قائم کیا گیا ہے جس میں 800افراد کے رہنے کی گنجائش ہوگی۔اُنہوں نے کہا کہ جٹی میں 4 پری فبرکیٹیڈ ڈھانچے قائم کئے گئے ہیں۔اس کے علاوہ قاضی گنڈ میں محکمہ تعمیرات عامہ کی ایک عمارت بھی رہائشی سہولیات کے لئے استعمال کی جائے گی۔
 
 

تمام سیکورٹی انتظامات مکمل:صوبائی کمشنرجموں 

۔6ہزار یاتریوں کے ٹھہرنے کیلئے شاہراہ پر80مراکز قائم ،سی سی ٹی وی کیمرے نصب 

جموں //بویک ماتھر//سالانہ امرناتھ یاتراکے احسن انعقاد کیلئے سیکورٹی کے تمام انتظامات کئے گئے ہیں ۔اس بات کی جانکاری فراہم کرتے ہوئے صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما نے کہاکہ یکم جولائی سے شروع ہوکر 45دنوںتک چلنے والی یاترا کیلئے شاہراہ پر مناسب تعداد میں پولیس اور پیرا ملٹری اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جبکہ یاتریوں کے قیام کیلئے بھی مناسب اقدامات کئے گئے ہیں ۔سنجیو ورما کاکہناتھا ’’جیساکہ یاترا کے دوران موسم خراب رہتاہے جس وجہ سے یاتریوں کو بہت زیادہ مشکلات کاسامناکرناپڑتاہے ، امسال ہم نے کٹھوعہ ، سانبہ ، جموں ، اودھمپور اور رام بن اضلاع میں یاتریوں کے ٹھہرنے کیلئے 80مراکز قائم کئے ہیں جہاں ہنگامی حالات میں 5ہزار سے 6ہزار یاتری قیام کرسکیں گے ‘‘۔انہوں نے بتایاکہ یاترا بسوں کا اہتمام بھی کیاگیاہے ۔انہوں نے کہاکہ یاتریوں کے تحفظ کو مد نظر رکھتے ہوئے شاہراہ پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں ۔انہوں نے مزید بتایاکہ یاتراکے دوران ٹریفک جام سے بچنے کیلئے جموں سرینگر شاہراہ کے 60کلو میٹر حصے پر کام بند کردیاگیاہے جہاں کشادگی کاکام چل رہاتھا۔سنجیو ورما نے بتایاکہ شاہراہ کے کنارے کٹھوعہ سے رام بن تک 100لنگر قائم کرنے کی اجازت بھی دی گئی ہے جبکہ فوڈ سیفٹی افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ یاتریوں کیلئے صاف کھانے کی فراہمی کو یقینی  بنائیں ۔انہوں نے بتایاکہ مناسب تعداد میں ایمبولینس گاڑیاں بھی دستیاب رکھی جائیں گی جبکہ موبائل بیت الخلاء بھی قائم کئے جائیں گے ۔ان کاکہناتھا’’روایتی طور پر بیس کیمپ ہمارا شری امرناتھ یاترا بھون ہے جہاں سے یاترا شرع ہوگی، وہاں تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے، کمپلیکس کی مرمت کی گئی ہے، وہاں کھانے پینے، سم کارڑ، بینکنگ، ہیلتھ سروسز، پانی، بجلی، صفائی ستھرائی اور دوسری سہولیات کو ایک ہی چھت کے نیچے بہم رکھا گیا ہے اور30 تاریخ کی صبح یاتریوں کا پہلا قافلہ نکلے گا‘‘۔