ساغرہ کا ہیلتھ اینڈ ویلفیئر سنٹر 10برسوں سے کرائے کی عمارت میں | فنڈ ز کی منظوری کے بعد نئی عمارت کی تعمیر کیلئے جگہ تبدیل کرنے کا الزام

جاوید اقبال

مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے سرحدی علاقہ ساغرہ میں ہیلتھ وینڈ ویلفیئر سنٹر کو گزشتہ 10برسوں سے کرایہ کی عمارت میں سے چلایا جارپا ہے تاہم اب اعلیٰ حکام کی جانب سے عمارت کی تعمیر کیلئے فنڈز کی منظوری دی گئی ہے جس کو لے کر مکینوں نے کہاکہ نئی عمارت کی تعمیر کیلئے غیر قانونی طریقہ سے عمارت کی جگہ تبدیل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔سابق سرپنچ آفتاب خان کی قیادت میں پنچایت ساغرہ کے مکینوں نے علاقہ میں صحت اور بہبود کے مرکز کی تعمیر کے حوالے سے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ گزشہ 10 سالوں سے ہیلتھ اینڈ ویلفیئر سنٹر کرائے کی عمارت میں کام کر رہا ہے تاہم حال ہی میں ایل جی انتظامیہ نے عمارت کی تعمیر کے لئے کل 42 لاکھ کے فنڈز کی منظوری دی تاکہ عمارت کو تعمیر کیا جائے لیکن سابق رکن اسمبلی مبینہ طور پر مجوزہ عمارت کی جگہ کو تبدیل کرنے اور پروجیکٹ کے لئے کریڈٹ کا دعویٰ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔پنچایت ساغرہ کے لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر (ڈی ڈی سی) پونچھ سے مداخلت کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کی اپیل کی ہے کہ عمارت کو اپنی جگہ تعمیر کیا جائے تاکہ لوگوں کو فائدہ مل سکے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ سیاسی اثر رسوخ رکھنے والے لوگ لیڈران سے مداخلت کروا کر کام میں رکائوٹ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں جس کو روک کر عوامی امنگوں کے تحت تعمیر اتی عمل کو مکمل کروایا جائے ۔