سرینگر//ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ و عوامی نیشنل کانفرنس کے بانی خواجہ غلام محمد شاہ کی 9ویں برسی پرآبائی قبرستان واقع متصل آستان سید منطقیؒ چھتہ بل میں فاتحہ خوانی کی تقریب منعقد ہوئی۔ پارٹی کے نائب صدر مظفر شاہ نے کہاکہ ’ریاست قریب 3دہائیوں سے تشدد اور عدم سکون کے ماحول سے گزر رہی ہے اور آج جس تاریخ ساز رہنما غلام محمد شاہ کی ہم برسی منا رہے ہیں، وہ ہمیشہ تشدد کے خلاف تھے‘۔انہوں نے کہاکہ بد قسمتی سے کشمیر میں تشدد ،گرفتاریاں اور پکڑ دھکڑ اب عام ہے اور اس سے ہم نہ صرف امن و سکون کھو بیٹھے بلکہ عوام کا اعتماد کھو بیٹھے ہیںاور ترقی و خوشحالی سے بھی محروم ہونے لگے ہیں‘۔مظفر شاہ نے کہاکہ’ اپنے ہی شہریوں سے تشدد اور انتقام لینے کی پالیسی اگر جاری رہی تویہ پالیسی جمہوریت کو ناکام بنا کر رکھ دے گی اورجمہوری اداروں کا جنازہ نکل سکتا ہے اور ساتھ ہی حکومت پر اعتماد کی فضا کبھی بحال نہیں ہوسکتی‘۔انہوںنے کہاکہ’ جب تک حکمران عوام کی تکالیف کا احساس نہیں کریں گے ،خونریز ہنگامے ہوتے رہیں گے،اس لئے کشمیر کے بارے میں جو بھی گفت و شنید ہوگی اور جس سطح پر ہوگی اس میں عوام کی خواہش کو ملحوظ نظر رکھا جانا چاہئے‘ ۔مظفر شاہ نے کہاجب بھی گفت و شنید کا راستہ اپنا یا جائے یہ غیر مشروط بنیاد پر ہونا چاہئے ،اسی صورت میں متنازعہ مسائل کا حل تلاش کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اے این سی کی تجویز ہے کہ ہندو پاک اور جموں و کشمیر بشمول گلگت بلتستان ایک صلح کانفرنس کا قیام عمل میں لایا جائے اور صلح کانفرنس کے فیصلوں کے مظابق متنازعہ مسائل کا حل ڈھونڈا جائے، اس سلسلہ میں غلام محمد شاہ نے پہلے ہی انٹرا کشمیر کا فارمولا پیش کیا تھا۔